Monday, September 16, 2024

جے آئی ٹی کی چالاکیوں کا پول کھل گیا، پوری قوم حقیقت جان چکی، نوازشریف

جے آئی ٹی کی چالاکیوں کا پول کھل گیا، پوری قوم حقیقت جان چکی، نوازشریف
April 2, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ ان کے خلاف جے آئی ٹی کی چالاکیوں کا پول کھل گیا ہے۔ پوری قوم اب حقیقت جان چکی ہے ۔

 احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ کب چوری ہوئی، کہاں چوری ہوئی کوئی پتہ نہیں اور نہ ہی مال مسروقہ برآمد ہوا ہے ۔

   نوازشریف نے کہا کہ مقدمہ صرف اتنا ہے کہ ن لیگ 2018 کا انتخاب جیتتی نظرآرہی ہے اور کچھ افراد اسے روکنےمیں لگے ہیں لیکن یہ روک نہیں سکتے ۔ یہ سینیٹ کا انتخاب نہیں،جسےکوئی روک سکے، یہ عوامی طوفان ہے۔

 ادھر مریم نواز کو صحافیوں کےسوال بھی چُبھنے لگے ۔

 مریم نواز صحافی کےسوال پر آگ بگولا ہو گئیں اور نوازشریف کو شکایت بھی لگا دی ۔ انہوں نے اشارے سے نوازشریف کو اس صحافی کے بارے میں بتایا ۔

مریم نواز نے کہا کہ بہت بدتمیز رپورٹر ہے، عجیب عجیب سوال کرتا ہے ۔

نوازشریف نے استفسار کیا کہ یہ صحافی کس ادارے میں کام کرتا ہے جس پر مریم نواز نے کہا کہ ایک نجی ٹی وی میں کام کرتا ہے ۔