Friday, April 26, 2024

 جے آئی ٹی نے عمران فاروق قتل کیس میں ملوث دو ملزمان سے تفتیش مکمل کر لی

 جے آئی ٹی نے عمران فاروق قتل کیس میں ملوث دو ملزمان سے تفتیش مکمل کر لی
July 14, 2015
اسلام آباد(92نیوز)ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے دو ملزمان سے تفتیش مکمل  کر لی گئی ہے،ملزمان نے کئی نئے راز اگل دئیے ،مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزم معظم اور خالد شمیم سے تفتیش مکمل کر لی ہے  دوران تفتیش ملزمان نے تفتیشی ٹیم کے سامنے کئی نئے راز بھی اگل دئیے ہیں  تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران فاروق کے قتل کی منصوبہ بندی میں  20لوگ براہ راست ملوث تھے ملوث افراد میں سے 5شخصیات برطانیہ میں مقیم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش جو انکشافات کئے ہیں ان کے ثبوت سکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس پہلے ہی موجود ہیں لندن پولیس واردات میں استعمال ہونے والی چھری اور اینٹ پہلے ہی برآمد کرچکی ہےملزمان کی ٹریول ہسٹری اور دیگر دستاویزی ثبوت بھی برطانوی پولیس کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ ملزم معظم اور خالد شمیم سے تفتیش لندن پراسیکیوشن برانچ کی مشاورت سے کی گئی ہے، تفتیش کا عمل مکمل ہونے تک سکارٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان میں موجود رہے گی، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ وزارت داخلہ اور نیکٹا کو ارسال کر دی ہے ، جبکہ تیسرے ملزم تک سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کو رسائی دینے کا فیصلہ عید کے بعد کیا جائے گا۔