Monday, September 16, 2024

جے آئی ٹی نے بلیک لسٹ امریکی شہری کو تمام الزامات سے بری قرار دیدیا

جے آئی ٹی نے بلیک لسٹ امریکی شہری کو تمام الزامات سے بری قرار دیدیا
August 11, 2016
اسلام آباد (92نیوز) بلیک لسٹ امریکی شہری سے تحقیقات کے دوران کوئی بڑا انکشاف سامنے نہیں آ سکا۔ جے آئی ٹی نے رپورٹ میں میتھیو بیرٹ کو سنگین جرائم سے بری الذمہ قرار دیدیا۔ جلد ہی کلین چٹ ملنے کا امکا ن ہے۔ تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی پورے 6 دن تک امریکی شہری میتھیو بیرٹ سے تحقیقات کرتی رہی لیکن کوئی اہم انکشاف سامنے نہیں آ سکا۔ یہ شواہد بھی نہ مل سکے کہ میتھیو پاکستان کےخلاف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ بس پتہ چلا تو اتنا کہ وہ صرف پاکستانی امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔ منشیات رکھنے کے جرم میں میتھیو امریکہ میں16ماہ قید کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔ بلیک لسٹ امریکی شہری کی گرفتاری کے بعد جب اقتدار کے ایوانوں تک بات پہنچی تو وزیرداخلہ چودھری نثار نے فوری جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ جے آئی ٹی کاٹارگٹ تھا حقائق کی تہہ تک پہنچنا۔ اسی لئے میتھیو کا دوبار عدالت سے جسمانی ریمانڈبھی لیا گیا۔ دوران تفتیش تمام سابقہ ریکارڈ کا بغور جائزہ لیا گیا۔ امریکی شہری کے سسرال والوں سے بھی معلومات اکٹھی کیں۔ ہیوسٹن میں پاکستانی سفارتخانے سے مدد بھی لی گئی۔ تمام وسائل بروئے کار لانے کے بعد بھی کوئی خاص ثبوت نہیں ملا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی رپورٹ میں میتھیو بیرٹ کو سنگین جرائم سے بری الذمہ قرار دیدیا ہے۔