Saturday, May 4, 2024

جے آئی ٹی ارکان کچھ لوگوں کو انسائیڈ بریفنگ دیتے ہیں ، سعید غنی کا الزام

جے آئی ٹی ارکان کچھ لوگوں کو انسائیڈ بریفنگ دیتے ہیں ، سعید غنی کا الزام
December 21, 2018
کراچی (92 نیوز) حکومت اور پیپلزپارٹی میں الزامات کی نئی جنگ چھڑ گئی۔ پیپلزپارٹی نے حکومت پر میگا منی لانڈرنگ کیس میں مداخلت کا الزام دھر دیا۔ سعید غنی نے الزام عائد کیا کہ جے آئی ٹی ارکان کچھ لوگوں کو انسائیڈ بریفنگ دیتے ہیں۔ پی پی رہنماؤں نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر شہزاد اکبر پر جے آئی ٹی ارکان سے ملاقات کا الزام لگایا ہے۔ شیری رحمان بھی پیچھے نہ رہیں اور یہ معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا اور کہا احتساب کے لبادے میں انتقامی سیاست ہو رہی ہے ۔ شیری رحمان نے شہزاد اکبر پر جے آئی ٹی ارکان سے ملاقات کا الزام لگاتے ہوئے وضاحت کا مطالبہ کر دیا۔ پی پی رہنما نفیسہ شاہ نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم کے اسسٹنٹ شہزاد اکبر کو جے آئی ٹی ممبران کے ساتھ دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا حکومت احتساب کے عمل پر اثرانداز ہو رہی ہے۔ نیب کے ہوتے ہوئے خصوصی مشیر برائے احتساب کی کیا ضرورت ہے؟۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہا وزرا کو جے آئی ٹی رپورٹ کے بارے میں کیسے پتہ چلا؟ ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب  شہزاد اکبر نے الزامات کی سختی سے تردید کر دی۔ ٹویٹر پیغام میں کہا جے آئی ٹی ممبرز سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ ڈی جی ایف آئی اے، نیب، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کے اہلکار روزانہ ملاقات کرتے ہیں۔ ملاقات دفتری امور اور اثاثہ جات ریکوری یونٹ کے حوالے سے ہوتی ہے۔