Thursday, March 28, 2024

'جیکب آباد سانحہ سکیورٹی انتظامات میں خامیوں کی وجہ سے پیش آیا'

'جیکب آباد سانحہ سکیورٹی انتظامات میں خامیوں کی وجہ سے پیش آیا'
October 24, 2015
جیکب آباد (92نیوز) جیکب آباد میں ماتمی جلوس میں خودکش دھماکے کے بعد فوج نے امن وامان کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ دوسری طرف صوبائی وزیرمیرممتاز جاکھرانی نے اعتراف کیا کہ سانحہ سکیورٹی انتظامات میں خامیوں کے باعث پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ جیکب آباد کے خلاف شیعہ علماءکونسل اور تحفظ عزاداری کونسل نے ماتمی جلوسوں کے دوران دھرنوں کا اعلان کر دیا اور کہا ہے یوم عاشور کے بعد احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔ جیکب آباد میں سندھ کے وزیر میرممتاز جاکھرانی اور شیعہ علماءمیں مذاکرات ہوئے۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں شیعہ علماءنے ڈی سی شاہ زمان، سول اسپتال کے ایم ایس اور ڈاکٹروں کو معطل کرکے پولیس افسروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے مطالبات کئے۔ صوبائی وزیر میرممتازجاکھرانی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اعتراف کیا کہ واقعہ سکیورٹی انتظامات میں خامیوں کے باعث پیش آیا۔ نااہلی برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ شہداءکے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ان کے مطالبات پورے کریں گے، ڈی ایس پی کو معطل کر دیا ہے۔ دوسری جانب جیکب آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے جبکہ شہر میں امن وامان کے لئے پاک فوج کے جوان پہنچ گئے۔