Friday, May 17, 2024

جیلوں میں سیکڑوں خواتین قیدیوں کو کورونا ہونے کا انکشاف

جیلوں میں سیکڑوں خواتین قیدیوں کو کورونا ہونے کا انکشاف
January 8, 2021

اسلام اباد (92 نیوز) جیلوں میں سیکڑوں خواتین قیدیوں کو کورونا وائرس ہونے کا انکشاف ہو گیا۔

وفاقی محتسب نے جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں آٹھویں پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کی جیلوں میں سب سے زیادہ 291 کورونا مثبت قیدی موجود ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 126 ، بلوچستان میں 80 اور پنجاب کی جیلوں میں 3 کورونا مثبت قیدی ہیں۔ بلوچستان کے علاوہ تینوں صوبوں کی جیلوں میں استعداد سے زیادہ قیدی موجود ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبوں میں سب سے زیادہ خواتین پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔

وفاقی محتسب نے ہر ضلع اور اسلام آباد میں جیل قائم کرنے کی تجویزدیتے ہوئے کہا ہے کہ جیلوں میں خواتین ، کمسن اور نشے کے عادی قیدیوں کیلئے الگ جگہ مختص ہونی چاہیے۔ قیدیوں کی فلاح اور تعلیم کیلئے مناسب انتظام کیا جائے۔ وفاق اور صوبوں کے ہر ضلع میں جیلیں قائم کرنے کا کام جاری ہے۔ وفاق اور صوبوں نے انڈر ٹرائل قیدیوں کی قانونی امداد کیلئے کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔ قیدیوں کی تعلیم اور ہنر سکھانے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔