Friday, May 17, 2024

جیسے ہی تدفین ہو گی وزیراعظم کوئٹہ روانہ ہو جائیں گے ، شیخ رشید

جیسے ہی تدفین ہو گی وزیراعظم کوئٹہ روانہ ہو جائیں گے ، شیخ رشید
January 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان آج شام کوئٹہ جاسکتے ہیں، دھرنے والوں سے عمائدین اور علماء کے مذاکرات جاری ہیں، جیسے ہی تدفین ہوگی وزیراعظم کوئٹہ روانہ ہوجائیں گے۔ سانحہ مچھ کو سیاسی ایشو نہ بنایا جائے۔

جمعہ کے روز انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ برادری کو نشانہ بنانے اور فرقہ واریت میں عالمی طاقتیں ملوث ہیں، چار گروہ بھی پکڑے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔ کچھ لوگ سیاست کر رہے ہیں، سیاست کے لیے بڑا وقت پڑا یے یہ وقت سیاست کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذلفی بخاری اور علی زیدی کوئٹہ میں ہیں امید ہے معاملہ حل ہوجائے گا۔ عمران خان چاہتے ہیں تدفین کے بعد جائیں تاکہ کھل کر بات چیت ہوسکے۔

پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ ویزے آن لائن کرکے کرپشن ختم کر دی یے،ایگزٹ کا ویزہ بھی آن لائن کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے اور نادرا کو بھی ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اُسامہ کا واقعہ افسوس ناک ہے، آئی جی اسلام آباد کو اسامہ ستی کے حساس معاملہ پر ہٹایا۔ ایف آئی اے کے افسران کو بھی تبدیل کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا وزارت داخلہ امن وامان بہتر کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ 19 جنوری کو اپوزیشن الیکشن کمیشن کے سامنے آ رہی ہے۔ فارن فنڈنگ میں پی پی اور ن لیگ کے دستخط نہیں ہیں۔ کہا کہ چار دعوے کئے تھے وہ سارے سچ ثابت ہو رہے ہیں۔