Wednesday, April 24, 2024

جیسے ہی اچھا پروگرام فائنل ہو گا آئی ایم ایف سے معاہدہ کر لیں گے، اسد عمر

جیسے ہی اچھا پروگرام فائنل ہو گا آئی ایم ایف سے معاہدہ کر لیں گے، اسد عمر
January 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا عالمی مالیاتی فنڈ سے مسلسل مذاکرات جاری ہیں۔ آئی ایم ایف کی سخت شرائط ناقابل قبول ہیں۔ جیسے ہی اچھا پروگرام فائنل ہو گا ، آئی ایم ایف سے معاہدہ کر لیں گے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے اسلام آباد میں اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ منی بجٹ ٹیکس محصولات کے لیے نہیں لگایا جارہا۔ منی بجٹ سے صرف دس فیصد ٹیکس آمدن بڑھے گی۔ بجٹ میں 90 فیصد اقدامات کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہیں ۔ اسد عمر نے کہا کہ برآمدات وترسیلات زر میں اضافے اور درآمدات میں کمی کی وجہ سے تجارتی خسارے میں کمی ہوئی ہے۔ جولائی تا دسمبر 2018،نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 65 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ۔ گزشتہ برس  مجموعی طور پر نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی 21 فیصد بڑھی جو 13 سال میں سب سے زیادہ ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ جیسے ہی اچھا پروگرام فائنل ہو گا تو معاہدہ کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل ذرائع سے بھی فنڈز کے حصول کے لیے اقدامات  اور معاشی ترقی کےلیے اہم فیصلے کررہے ہیں ۔ بجلی اور گیس کی قیمتیں کم آمدن افراد کے لیے نہیں  صرف امیروں کے لیے بڑھائی گئی ہیں۔