Friday, March 29, 2024

جیسے ہم اپنے وسائل کا ضیاع کر رہے ہیں شاید ہی اس کی کوئی مثال مل سکے: چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی

جیسے ہم اپنے وسائل کا ضیاع کر رہے ہیں شاید ہی اس کی کوئی مثال مل سکے: چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی
December 3, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ جس طرح ہم اپنے وسائل کا ضیاع کر رہے ہیں شاید ہی اس کی کوئی مثال مل سکے۔ ہمارے بعد آزاد ہونے والی قومیں دنیا میں ترقی یافتہ قوم کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے لاہور ہائیکورٹ بار کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بجلی، گیس اور پانی میں بھی چور بازاری تلاش کرتے ہیں۔ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے نہ کوئی مسیحا آسمان سے اترے گا اور نہ ہی کوئی باہر سے آئے گا بلکہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمیں خود ہی عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ ملتان اور راولپنڈی میں کچھ ایسے واقعات پیش آئے ہیں جن کا سدباب ضروری ہے۔ امید ہے کہ آنے والے وقت میں باہمی تعاون اور منصوبہ بندی کے ذریعے وہ قانون کی بالادستی قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاقانونیت کا یہ عالم ہے کہ عام آدمی سڑک پر کھڑا ہونا بھی گوارا نہیں کرتا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ ہر ادارہ اپنی اصلاح کے بجائے دوسرے پر نکتہ چینی کر رہا ہے۔ ان کی سب سے بڑی ترجیح میرٹ ہے۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اپنے گھر کا بھی احتساب ضروری ہے لیکن احتساب کا مطلب عدالتی نظام کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ اسے طاقتور بنانا ہے۔