Wednesday, April 24, 2024

جیسے کو تیسا ، بھارت میں پاکستانی سفارتی عملہ کم کرنے کا فوری جواب دیدیا

جیسے کو تیسا ، بھارت میں پاکستانی سفارتی عملہ کم کرنے کا فوری جواب دیدیا
June 23, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) بھارت میں پاکستانی سفارتی عملہ کم کرنے کا فوری جواب دیدیا گیا ۔ اسلام آباد میں بھارتی سفارتی عملہ نصف کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ ہندوستانی مودی سرکار کی سازشوں ، انتہاءپسندی اور دہشتگردی پر مبنی ذہنیت کا ایک اور ثبوت سامنے آ گیا۔ معصوم کشمیریوں ، ہندوستانی مسلمانوں اور لائن آف کنٹرول پر نہتی آبادی کیساتھ اب پاکستانی سفارتکار بھی ہٹلر مودی کے نشانے پر آ گئے۔ انتہاءپسند مودی نے سفارتی دہشتگردی کے تحت پہلے دو پاکستانی سفارتکاروں کو گھناﺅنے الزامات لگا کر ملک بدر کیا ۔ اب نئے الزامات کو بنیاد بنا کر پاکستانی ہائی کمیشن عملے کی تعداد 50 فیصد کم کرنے کیلئے دباﺅ ڈالنا شروع کر دیا۔ ہندوستان کے سفارتی سطح پر نفرت انگیز طرز عمل اور الزامات پر پاکستان کا سخت ترین ردعمل آیا۔ بھارتی سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی ہوئی اور پاکستان نے ہندوستان سے شدید احتجاج کیا ، تمام الزامات سختی سے مسترد کر دیئے ۔ پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن عملہ کی تعداد 50 فیصد کم کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کر لیا۔ ردعمل میں کیے فیصلے سے بھارتی سینئر سفارتکار کو نہ صرف آگاہ کیا گیا بلکہ فیصلے پر سات دن میں اطلاق یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ پاکستان نے واضح کر دیا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن اہلکاروں نے ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ۔ پاکستانی سفارتکاروں نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین، سفارتی اقدار کی پاسداری کی۔ بھارتی حکومت پاکستانی عملہ پر الزامات لگا کر ہائی کمیشن عملہ 50 فیصد کم کرنے کا بہانہ تراش رہی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو دھمکیاں دینے کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہیں۔ ہندوستانی ہائی کمیشن عہدیدران غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے ۔