Saturday, May 18, 2024

جی ڈی اے نے بھی کپتان کے سامنے مطالبات کی فہرست رکھ دی

جی ڈی اے نے بھی کپتان کے سامنے مطالبات کی فہرست رکھ دی
August 6, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے بھی کپتان کی متوقع وفاقی حکومت  کے سامنے مطالبات کی فہرست رکھ دی۔ سندھ کی بیورو کریسی تبدیل کرنے ، دیہی سندھ کے لیے مالی پیکج اور نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا مطالبہ کردیا  ۔ ایاز لطیف پلیجو کا کہنا ہے کہ 14 اگست سے بعد احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔ پیرپگارا کی زیرصدارت جی ڈی اے رہنماوں کی ایک اور بیٹھک لگی جس میں انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا ۔ اجلاس میں عمران خان کی سپورٹ کا اظہار کیا گیا جب کہ جی ڈی اے نے فیصلہ کیا کہ وفاق میں عمران کے اتحادیاور سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف سڑکوں پر ہوں گے ۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے سندھ میں ازسرنو الیکشن کا مطالبہ دہرایا اور عمران خان کی حمایت کا عزم ظاہر کیا انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہمارے دکھوں کا مداوا کرے۔ جی ڈی اے نے مرحلہ وار احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ،پیر صدر الدین شاہ راشدی نے دعویٰ کیا کہ انتخابات کی کئی کہانیاں سامنے آئینگی، انتقامی کارروائی کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔ انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکاری جی ڈی اے اور ایم کیوایم  وفاق میں اکثریتی جماعت تحریک انصاف کے ساتھ الائنس کا حصہ ہیں  لیکن انتخابی نتائج مسترد کر کے دونوں جماعتیں احتجاج کی راہ پر بھی گامزن ہیں۔