Sunday, September 8, 2024

جی ٹی روڈ ڈرامہ،نوازشریف کا ساتھ دینے والے پاگل ہیں،عمران خان

جی ٹی روڈ ڈرامہ،نوازشریف کا ساتھ دینے والے پاگل ہیں،عمران خان
August 13, 2017

راولپنڈی (92نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ ڈرامہ تھا نوازشریف کا ساتھ دینے والے پاگل ہیں ۔ فوج اور عدلیہ کی حمایت میں جی ٹی روڈ  سے دس گنا بڑی ریلی نکالنے کا چیلنج کرتا ہوں ۔

 تفصیلات کےمطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے لیاقت باغ میں عوامی مسلم لیگ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو انسان طاقت ور کے سامنے کلمۂ حق کہتا ہے، قوم اس کی عزت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کیلئے ضروری چار چیزیں بتاؤں گا، جن سے ہماری قوم ایک عظیم بنے گی، ہمیں وہ پاکستان بنانا ہے جہاں پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا، جی ٹی روڈ پر پچھلے دنوں ڈرامہ ہوا، دکھ بھری تقریر سنی جس میں پوچھا گیا کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں صرف وہ لوگ نواز شریف کیساتھ ہیں، جن کے مفادات کرپٹ نظام کیساتھ ہیں، چھوٹا سا مفاد پرست ٹولہ جو ہر طبقے میں ہوتا ہے، وہ نواز شریف کے ساتھ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا، ججز نے اسے صادق اور امین نہیں سمجھا۔ عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے مالک پر بھی خوب تنقید کی اور کہا کہ وہ صحافت نہیں جانتا جہاں سے پیسے ملیں، اسی کے ساتھ مل جاتا ہے۔

عمران خان نے واضح کیا کہ آرمی چیف نے کہا ہے کہ فوج آئین اور اداروں کیساتھ کھڑی ہے، پھر نواز شریف بتاؤ کیسے سازش ہو گئی؟ نواز شریف سپریم کورٹ اور فوج کیخلاف بھی بول رہے ہیں، تیس سال سے نواز شریف اداروں پر قبضہ کر کے بیٹھا تھا، پہلی دفعہ نواز شریف جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کو خرید نہیں سکا، نواز شریف یہ سازش نہیں نیا پاکستان بن رہا ہے، یہ وہ پاکستان ہو گا جہاں تمہاری طرح کے ڈاکو لوگوں کو خرید نہیں سکیں گے۔ عمران خان نے سابق وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا نواز شریف! پاکستان بدل چکا ہے، ریلی میں جتنے لوگ پنڈی سے لیکر لاہور پہنچے، چیلنج کرتا ہوں میں دس گنا زیادہ لوگ سپریم کورٹ اور فوج کے لئے نکالوں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا، نواز شریف! یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، جب بھی وقت آئے گا قوم سپریم کورٹ اور فوج کیساتھ کھڑی ہو گی، آپ سپریم کورٹ اور جےآئی ٹی کو مطمئن نہیں کر سکے، نئے پاکستان کی عدلیہ کو خریدا نہیں جا سکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بولے، جب سیاست میں آیا تو دس سال بڑا مذاق اڑا، پھر تحریک انصاف ایسی جماعت بنی جو  سٹیٹس کو  کا مقابلہ کر رہی ہے، سب سے بڑا خواب نئے پاکستان کا ہے، اکیلا نیا پاکستان نہیں بنا سکتا، سب نے مل کر بنانا ہے۔