Wednesday, April 24, 2024

جی سی ایس ای میں اعلیٰ کارکردگی پر طالبعلم احمد نواز مسرور

جی سی ایس ای میں اعلیٰ کارکردگی پر طالبعلم احمد نواز مسرور
August 26, 2018
لندن (92 نیوز) اے پی ایس پشاور سانحہ میں زخمی ہونے والے طالبعلم احمد نواز جی سی ایس ای  (GCSE) میں بہتر تعلیمی کارکردگی پر ان دنوں مبارکبادیں وصول کر رہے ہیں ۔ جی سی ایس ای میں اعلیٰ کارکردگی دکھا کر پاکستان کا نام روشن کرنے والے  سانحہ اے پی ایس  میں زخمی ہونےوالے ہونہار طالبعلم  احمد نواز اپنی کامیابی پر کافی مسرور ہیں ۔ احمد نواز نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلے  کو اپنا اگلا ٹارگٹ قرار دیا۔ احمد نواز نے سانحہ اے پی ایس کے صدمے سے نکلنے کیلئے حوصلہ اور مدد کرنے پر پاکستانی قوم اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ ادا کیا۔ احمد نواز نے پاکستانی نوجوانوں کو پیغام  دیا کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں اور ملک کا نام روشن کریں۔ احمد نواز کا کہنا تھا والدین کی سپورٹ کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی ۔ پاکستان کے ہونہار سپوٹ مزید کامیابیوں کیلئے پر عزم ہیں۔ سولہ دسمبر دو ہزار چودہ  پاکستان تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن جب بزدل دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ کرتے ہوئے معصوم طلبا کے خون سے ہولی کھیلی تھی۔ اس المناک واقعے میں طالب علم احمد نواز شدید زخمی ہوئے تھے ،جنہوں نے نا صرف اس مشکل وقت کا دلیری سے مقابلہ کیا بلکہ تعلیم جاری رکھتے ہوئے  قوم  کا سرفخرسے بلند کر دیا۔ احمد نواز نے برطانیہ کے بین الاقوامی جی سی ایس ای امتحانات میں چھ اے پلس اور دو اے حاصل کیے جس سے اُن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلے کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے احمد نواز کو شاندار تعلیمی کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔