Friday, April 26, 2024

جی ایچ کیو میں کورکمانڈرز کانفرنس ، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر غور

جی ایچ کیو میں کورکمانڈرز کانفرنس ، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر غور
December 13, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 216 ویں کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مجموعی تذویراتی ماحول ،سرحدی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں لائن آف کنٹرول سمیت مشرقی اورمغربی سرحدی صورتحال اور داخلی سطح پر جاری استحکام آپریشنز کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے زور دیا کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے علاقائی سوچ انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ کور کمانڈرز نے جاری افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور افغان جنگ کے پرامن اختتام کیلئے تمام شراکت داروں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ترجمان پاک افواج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اِس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام کے بہترین مفاد اور ملک میں امن واستحکام ، ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام اداروں کی حمایت جاری رکھی جائیگی۔