Monday, May 13, 2024

جہلم کا قلعہ نندنہ تاریخی اہمیت کا حامل

جہلم کا قلعہ نندنہ تاریخی اہمیت کا حامل
March 1, 2021

جہلم (92 نیوز) جہلم میں واقع قلعہ نندنہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس کے در و دیوار آج بھی ماضی کی داستانیں سنا رہے ہیں۔

تاریخی قلعہ نندنہ جو کہ ہندو دیوتا کے باغ کے نام سے منسوب ہے جہاں معروف ریاضی دان ابو ریحان محمد بن احمد البیرونی نے پہلی مرتبہ زمین کے نصف قطر(حصہ) کی پیمائش نکالی تھی جسے آج کے دور جدید میں بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایک ہزار تیرہ ہجری میں سلطان محمود غزنوی کے ہاتھوں فتح ہونے والے اس قلعہ کی خوبصورتی آہستہ آہستہ مانند پڑ گئی ۔ دیواریں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں۔

خوبصورت سرسبز پہاڑوں اور میٹھے پانی کے چشموں کے درمیان یہ قلعہ شکست و ریخت ہو کر حکومتی توجہ کا متلاشی تھا۔ البیرونی کی مشاہدہ گاہ کو تزائین و آرائش کرکے سیاحتی مقام قرار دینے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔ توقع ہے کہ اب اس قلعہ کی کھوئی ہوئی ساکھ پھر سے بحال ہو جائے گی۔

 سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے تاریخی، سیاحتی اور عسکری اہمیت کے حامل ضلع جہلم کے ہزاروں ایکڑ رقبے کے دو پہاڑوں ٹلہ جوگیاں اور سالٹ رینج کو نیشنل پارکس کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور زیتون کا پودہ بھی لگایا۔