Saturday, May 11, 2024

جہلم ، ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے بچی جاں بحق

جہلم ، ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے بچی جاں بحق
September 17, 2019
جہلم ( 92 نیوز) جہلم کے ڈی ایچ کیو اسپتال کی ایمرجنسی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے تیسری کلاس کی طالبہ جاں بحق ہو گئی ۔ 9سالہ زہرہ کو سانپ کے ڈسنے پر گزشتہ روز اسپتال لایا گیا تھا، لواحقین نے الزام لگایا کہ بچی پانچ گھنٹے تک تڑپتی رہی لیکن علاج نہ کیا گیا، دوسری جانب اسپتال میں سانپ کے ڈسنے کی ویکسین نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ گزشتہ روز کشمیر کالونی جہلم  کی رہائشی 9 سالہ زہرہ کو گھر کے اندر سانپ نے ڈس لیا تھا جس کے بعد لواحقین اسے فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال لے آئے لیکن ڈاکٹروں نے یہ کہہ کر کوئی توجہ نہ دی کہ خطرے کی کوئی بات نہیں۔ اہل خانہ کے مطابق  پانچ گھنٹے تک بچی اسپتال کی ایمرجنسی میں تڑپتی رہی اور اس کے منہ سے جاگ بھی نکلتی رہی جس کے بعد بچی نے جان دے دی ، جاں بحق بچی کے لواحقین نے لاش کے ہمراہ اسپتال کے اندر شدید احتجاج کیا۔ ڈپٹی کمشنر کے آنے پر مذاکرات کے بعد مظاہرین نے غفلت کے مرتکب ڈاکٹروں کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر پانچ رکنی انکوائری کمیٹی 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرے گی ، کمیٹی میں اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور بچی کے دو لواحقین شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں سانپ کے ڈسنے کی ویکسین ہی موجود نہیں ہے۔