Friday, April 19, 2024

جہلم ، ترکی موڑ کے قریب مسافر وین میں آتشزدگی، 9 مسافر جاں بحق

جہلم ، ترکی موڑ کے قریب مسافر وین میں آتشزدگی، 9 مسافر جاں بحق
May 6, 2019

جہلم ( 92 نیوز) جہلم میں ترکی موڑ کے قریب جی ٹی روڈ پر مسافر وین کو آگ لگ گئی جس کےنتیجے میں 9 مسافر جھلس کر جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

غیرمعیاری گیس سلنڈر نے پھر کئی گھروں میں صف ماتم بچھادی،جہلم کے علاقے سوہاوہ میں ٹرالر سے ٹکراتے ہی مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی،اندوہناک حادثے میں  9 مسافرجھلس کر جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔

پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب گیس سلنڈر چلتے پھرتے بم بن گئے، غیر معیاری گیس سلنڈروں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی جاسکی،مسافر وین میں نصب سلنڈر نے ایک بار پھر کئی گھروں میں صف ماتم بچھادی۔

انڈس ہائی وے پر دو کاروں میں تصادم ، سلنڈر پھٹنے سے 6افراد جاں بحق

جہلم کے علاقہ سوہاوہ میں ترکی ٹول پلازہ کے قریب مسافر وین ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے کے بعد مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو لپیٹ میں لے لیا، اندوہناک حادثے میں 9 مسافرجھلس کر جاں بحق  اور 7 زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نےجاں بحق افراد کی لاشوں اور  زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کردیا، جاں بحق ہونے والے تمام 9 مسافروں کی لاشیں شناخت کے قابل نہیں۔

 اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر جہلم کے مطابق وین میں 16 افراد سوار تھے۔

مسافروں میں زیادہ تر افراد کا تعلق کے پی کے سے ہے۔

حادثے کا شکار مسافر وین گوجرانوالہ سے راولپنڈی جارہی تھی،ذرائع کے مطابق مسافر وین میں غیرمعیاری گیس سلنڈر نصب تھا جس کے باعث ٹرالر سے ٹکراتے ہی وین میں آگ بھڑک اٹھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سردار عثمان بزدار نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج ومعالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔