Friday, May 10, 2024

جہاں سقوط کشمیر کا ذکر آئیگا وہاں عمران خان کٹہرے میں کھڑا ہوگا، مریم نواز

جہاں سقوط کشمیر کا ذکر آئیگا وہاں عمران خان کٹہرے میں کھڑا ہوگا، مریم نواز
February 5, 2021

مظفرآباد (92 نیوز) کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے پی ڈی ایم نے مظفرآباد میں پنڈال سجا لیا، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے بولیں کہ جہاں سقوط کشمیر کا ذکر آئے گا وہاں عمران خان کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔

مظفرآباد میں میں یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، سنا ہے کوٹلی میں آج عمران خان کا آرہا ہے، وہ آزاد کشمیر میں کشمیریوں کیلئے کیا پیغام لائے ہیں؟۔

اُن کا کہنا تھا کشمیریوں کی جرات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جب کشمیریوں کو چوٹ لگتی ہے تو ہمارے دل زخمی ہوتے ہیں۔ بھارتی درندگی سے پیاروں کو شہید ہوتے دیکھنا دل جگر کا کام ہے۔

انہوں نے کہا، ایک دن کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں کی توقعات کے مطابق ایک دن کشمیر آزاد ہوگا۔ پوری قوم مسئلہ کشمیر پر ایک ہے، پاکستان کا بچہ بچہ مسئلہ کشمیر پر یکجان ہے۔ پاکستانی ایک دل اور ایک جان کیساتھ کشمیر کے ساتھ متحد ہیں۔

مریم نواز بولیں کہ بھارت کو کبھی جرات نہیں ہوئی کشمیر کو اٹھا کر اپنے نام کرلے۔ کس نے الیکشن میں مودی کے جیتنے کی دعائیں مانگیں تھیں، کس نے کہا تھا مودی جیتے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا۔ کہا کہ کشمیر کا الیکشن بھی قریب آرہا ہے، کشمیر کی عوام کہتی ہے ہمیں پہلے والا مقبوضہ کشمیر واپس کردو۔

اُن کا مزید کہنا تھا ہم عوام سے وعدہ کرتے ہیں حالات جو بھی ہوں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کا ہر بچہ ہر جوان آپ کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ پاکستان کشمیر کو آزادی دلا کر رہے گا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ فضل الرحمن اور چیئرمین بلاول بھٹو بھی جلسے سے خطاب کریں گے۔