Friday, April 19, 2024

جہانگیر ترین کی نااہلی کی خوشی نہیں ہوئی، خواجہ سعد رفیق

جہانگیر ترین کی نااہلی کی خوشی نہیں ہوئی، خواجہ سعد رفیق
December 15, 2017

کراچی (92 نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کی نااہلی کی خوشی نہیں ہوئی، وہ سیاستدانوں کوعدالتوں سے نااہل قرار دینے کی مذمت کرتے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ جہانگیر ترین ہوں یا یوسف گیلانی کسی کے نااہل ہونے کی خوشی نہیں ہوئی کیونکہ سیاسی لڑائی کوعدالتوں میں لے جانا مسائل کا حل نہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دور میں ملک کے حالات کافی بہتر تھے لیکن ملک کے منتخب وزیراعظم کوباہرکردیا جائے توایسا ممکن نہیں کہ زلزلہ نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو پہلی بار اس لیے نکالا کہ ایٹمی دھماکا کیوں کیا، اب اس لیے نکالا کہ معاشی دھماکا کیوں کیا، ہمیں ساڑھے چارسال سے سکون سے کام نہیں کرنے دیا گیا۔

کراچی اور بلوچستان کے حالات پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پچیس سے تیس سال کراچی کوعصبیت کی بنا پرٹارگٹ کلر بنایا گیا لیکن اب وہ بھتہ دینے والے کہاں گئے، نوازشریف نے سندھ میں ڈاکو راج ختم کر دیا۔  جبکہ بلوچستان میں قومی پرچم لہرایا جو ایک مشکل کام تھا۔