Thursday, April 25, 2024

جہانگیر ترین کی جیت پاکستان کی جیت ہے، جسے جان کی فکر ہے وہ گھر بیٹھے، آج سے خیبرپختونخواہ میں وی آئی پی کلچر ختم ہو جائیگا: عمران خان

جہانگیر ترین کی جیت پاکستان کی جیت ہے، جسے جان کی فکر ہے وہ گھر بیٹھے، آج سے خیبرپختونخواہ میں وی آئی پی کلچر ختم ہو جائیگا: عمران خان
December 24, 2015
لودھراں (نائنٹی ٹو نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی کو ڈر لگتا ہے تو وہ گھر بیٹھا رہے۔ خیبرپختونخوا میں وزیراعظم سمیت کسی کو وی وی آئی پی پروٹوکول نہیں دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے خلاف چار کا ٹولہ ہے لیکن عوام کا دل پی ٹی آئی کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ لودھراں کی جیت پاکستان کی جیت ہے۔ لودھراں میں کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان کے چہرے سے خوشی جھلکتی رہی۔ اس موقع پر جنون کا جوش بھی عروج پر تھا۔ کپتان نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کے عوام نے وفاق اور پنجاب کی حکومتوں کا مقابلہ کیا۔ جہانگیر ترین کی جیت لودھراں کی نہیں پاکستان کی جیت ہے۔ سیاست میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے لیکن تحریک انصاف کو مقابلہ کرنا آتا ہے ۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو صاف شفاف الیکشن کرانے کا مشورہ بھی دیا۔ عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ن لیگ اور پٹواریوں نے کرایا جبکہ لودھراں کا شفاف الیکشن فوج کی نگرانی میں ہوا جس پر عوام ان کے مشکور ہیں۔ عمران خان نے بسمہ کی موت کو پوری قوم کے لئے افسوسناک قراردیا اور اعلان کیا کہ آج سے خیبرپختونخوا میں وی آئی پی کلچر ختم ہو جائے گا۔ عمران خان نے واضح کیا کہ لودھراں میں تحریک انصاف کے خلاف چار کا ٹولہ تھا اس کے باوجود لوگوں نے تبدیلی کو ووٹ دیا۔ این اے ایک سو بائیس لاہور میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ جلسے سے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے بھی خطاب کیا۔