Wednesday, April 24, 2024

جہانگیر ترین کا قوم کو احتساب کا بھاشن قیامت کی نشانی ہے ، حمزہ شہباز

جہانگیر ترین کا قوم کو احتساب کا بھاشن قیامت کی نشانی ہے ، حمزہ شہباز
April 16, 2019

 لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا جہانگیر ترین کا قوم کو احتساب کا بھاشن قیامت کی نشانی ہے۔

منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کی آج پھر نیب لاہور پیشی ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو میں کہا ہزاری برادری کے ساتھ دہشت گردی ہوئی اس پر دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔

حمزہ شہباز بولے قیامت کی نشانیاں ہیں کہ جہانگیر ترین جنہیں سپریم کورٹ نے جھوٹا کہا وہ قوم کو انصاف کا بھاشن دیتا ہے۔ حکومت نے کہا کہ پچاسی ارب کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ فواد چوہدری اور شہزاد اکبر کو کون بتاتا ہے اور وہ لوگوں کی پگڑیا اچھالتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری فیملی کا ای سی ایل میں نام ڈالا گیا اور تینتیس ارب کی بات کی گئی۔ میری بہنوں کے گھر نیب گئی۔ علیمہ خان نے آف شور کمپنی اور جائیداد بنائی لیکن قوم کو نہیں بتایا کہ پیسے کہاں سےآئے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا نیب کے روبرو پیش ہوا، ایک طرف فواد چوہدری 85 ارب کی بات کرتے ہیں اور پھر 33 ارب کی بات کی۔ نیب آج کہتا ہے کہ اٹھارہ کروڑ کا معاملہ ہے ، یہ پیسہ دو ہزار پانچ سے آٹھ کا ہے۔ انہوں نے کہا مشرف دورمیں مجھے لاہور سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ اس وقت نیب مجھے دس دس گھنٹے بلاتا تھا۔ میں پبلک ہولڈر نہیں تھا ، اٹھارہ کروڑ کا جواب ہے کہ میں نے سب قانون کے مطابق کیا۔

حمزہ شہباز نے کہا اس وقت نیب نے میری کمپنی سے بارہ کروڑ روپے نکلوایا۔ اگر یہ اٹھارہ کروڑ کی منی لانڈرنگ ثابت نہ ہوئی تو نیازی کو قوم سے معافی مانگنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا شہباز شریف نے ایک پیسہ نہیں کھایا ، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا۔

 حمزہ شہباز بولے عمران نیازی سرکاری ہیلی کاپٹر میں سیر سپاٹے کرتے ہیں وہ کس حیثیت میں چیئرمین نیب سے ملتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا آٹھ ماہ میں اس حکومت نے تین ہزار ارب کا قرضہ لے لیا ہے۔ آگے معاشی قتل ہوں گے ، اس کی ٹینشن ہے کہ مہنگائی کا سونامی آرہا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا بائیس کروڑ عوام کا پیٹ حمزہ شہباز کی پیشیوں سے بھرتا ہے تو مجھے روز بلائیں۔ مہنگائی سےعوام کی کمر ٹوٹتی ہے یہ عوام کو دکھانے کے لئے کیسز تیز کر دیتے ہیں۔ اگر جھوٹ نکلےتو نیازی مجھ سے کنٹینر پر چڑھکر معافی مانگیں۔

حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا ایسا لگتا ہے اس ملک کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ آٹھ مہینوں میں چوتھا آئی جی تبدیل کیا ، چپراسی بنا دیا آئی جی کو۔ انہوں نے کہا کبھی سانحہ ساہیوال ہوتا ہے کبھی دوسرے واقعات۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا نیازی خان بغض سے بھرے ہوئے ہیں یہ کہتے تھے شریف خاندان کو رلائے گے۔ اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ عوام جس دن کھڑے ہو گئے نیازی خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ الزام لگایا شہباز شریف نے ستائیس ارب کھائے یہ عدالت نہیں آتے۔ آٹھ ماہ بعد پنجاب میں شہباز شریف کے سیکرٹریز آگئے ہیں ، بڑی دیر کی مہربان آتے آتے۔

آخر میں حمزہ شہباز نے کہا بی آر ٹی میں سات ارب روپے کا اسکینڈل ہے نیب کیوں نہیں پوچھتا۔ پشاور میٹرو ایک کھرب سے تجاوز کرگئی نہیں پتہ کب چلے گی۔ نیازی خان آج عوام سے کیا گیا ایک وعدہ پورا نہیں کر پا رہے۔ موٹی گردنوں والے آکر طوطا مینا کی بات بتاتے ہیں۔ جنہوں نے منی لانڈرنگ کرنی ہو وہ واپس پاکستان نہیں آتے۔