Sunday, May 12, 2024

جہانگیر ترین بجٹ سیشن میں عمران خان کو ہی ووٹ دیں گے ، شیخ رشید

جہانگیر ترین بجٹ سیشن میں عمران خان کو ہی ووٹ دیں گے ، شیخ رشید
May 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے جہانگیر ترین بجٹ سیشن میں عمران خان کو ہی ووٹ دیں گے۔

شیخ رشید نے میڈیا گفتگو میں کہا پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔ میں مانے کیلئے تیار نہیں کہ جہانگیر ترین عمران خان کو چھوڑ کر جائے گا۔ عمران خان کا نام ہی پی ٹی آئی ہے۔ باقی پیچھے کیا ہے؟ پورا یقین ہے یہ لوگ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دیں گے۔ ان کے ساتھ کئی دوست احباب ایسے ہیں جن کے مسائل ہیں۔ ان کے حلقوں میں کام ہونے چاہئیں۔

 شیخ رشید بولے کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ جہانگیر ترین عمران خان کے اقتدار کی کایہ پلٹنے جارہا ہے تو میں نہیں مان رہا۔ تیار ہیں ہر چیز کیلئے۔ عمران خان نے واضح لائن دے رکھی ہے۔ بزدار نے مجھے ایک بات کہی تھی میرا کوئی ووٹ نہیں، ووٹ عمران خان کے ہیں۔ ترین کو عمران خان کی حکومت کو ٹاپل کرتے ہوئے نہیں دیکھ رہا۔ وہ کہہ رہا ہے اپنا کیس لڑوں گا،عمران خان بھی کہتا ہے کیس عدالت میں لڑیں۔

شیخ رشید نے کہا اپوزیشن اتنی نالائق ہے تین سال میں کوئی بڑا ڈنڈ ڈال سکی نہ آئندہ دو سال میں اس کی توقع رکھتا ہوں۔ لوگوں کے ذہنوں میں عمران خان نے یہ بات ڈال دی ہے کہ ان چوروں کیخلاف لڑ رہا ہوں۔ لوگوں نے احتساب کیلئے عمران خان کو ووٹ دیا۔ شہبازشریف جارہا تھا تو ہمارے لیے زیادہ ندامت ہے۔ ہمارے ہاتھ سے یہ نکل گیا۔ اگر یہ تاثر پیدا ہوجاتا کہ ہماری چوروں لٹیروں کے ساتھ انڈراسٹینڈنگ ہے تو ہمارا لیے کچھ نہیں رہتا۔

شیخ رشید نے جمعہ کو لال حویلی کے باہر فلسطین سے اظہاریکجہتی کے لیے جلسہ کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ انہوں نے کہا جمعہ کو 2 سے 3 بجے کے دوران لال حویلی فلسطین کے حوالہ سے جلسہ ہو گا۔ مزید بولے سعودی عرب سے ایسے تعلقات ہو گئے ہیں جو پہلے کبھی نہیں تھے۔ سعودی وزٹ بہت کامیاب ہوا۔