Monday, September 16, 2024

جہانگیر ترین اور علیم خان کا پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان

جہانگیر ترین اور علیم خان کا پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان
April 11, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف کے دو مرکزی رہنماﺅں نے پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ وہ تمام سیاسی کشتیاں جلا کر عمران خان کے نظریہ کی خاطر تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کبھی کوئی عہدہ مانگا اور نہ مانگیں گے۔ ا پنے لیڈر کی پارٹی کو کسی قیمت پر تقسیم ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے شریف خاندان سے فیصلہ کن ٹاکرے کا تہیہ کر لیا ہے اس لیے اس بات کی ضرورت ہے کہ پارٹی میں دراڑیں روکی جائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پارٹی کو متحد رکھنے کیلئے انٹرا پارٹی انتخابات سے اعلان لاتعلقی کرتے ہیں۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وہ عام کارکن کی طرح تحریک انصاف کی خدمت اور اتحا د کیلئے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ تمام متحد رہیں۔ دوسری جانب پارٹی کے مرکزی رہنما علیم خان نے بھی پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نظریے کی بنیاد پر پی ٹی آئی میں آئے ہیں عہدے کے لیے نہیں۔ علیم خان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کا پیغام آگے بڑھانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔