Friday, March 29, 2024

جہازوں کیساتھ پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ، مسافروں میں تشویش

جہازوں کیساتھ پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ، مسافروں میں تشویش
January 7, 2020
کراچی ( 92 نیوز) جہازوں کے ساتھ پرندے ٹکرانے کے واقعات بڑھ گئے ہیں، پرندہ اگر کسی جہاز سے ٹکراجائے تو نہ صرف مسافروں کی زندگی خطرے میں پڑجاتی ہے بلکہ جہاز کو بھی شدید مالی نقصان ہوتا ہے۔ پیر کے روز کراچی میں پی آئی اے کے دو جہازوں کے ساتھ پرندے ٹکرانے کے واقعات پیش آئے، پہلا واقعہ اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 301 کے ساتھ پیش آیا جس میں جہاز کی نوز کاول پچک گئی۔ کوئٹہ سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 311 کے ساتھ بھی پرندہ ٹکراگیا جس کے باعث جہاز کے پروں کے فلیپ میں سوراخ ہوگیا، ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے پرندے ٹکرانے سے مسافروں کی جان کو خطرہ پیش ہوسکتا ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایئرپورٹ کی حدود میں کچرا نہ پھینکیں کیونکہ کچرے کی وجہ سے پرندے نیچے کی طرف آتے ہیں اور جہازوں کی لینڈنگ کے دوران بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان عبداللہ خان نے مزید کہا کراچی کی ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ چکے ہیں تاہم صورتحال بہتر نہیں ہوسکی، اطلاع ہے موسمیات والی سمت  میں مردہ جانور پڑا ہوا ہے، اسی جگہ پرندے جہاز سے ٹکرانے کے واقعات پیش آئے۔ ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے صفائی کا مناسب انتظام اور پرندوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے جدید نظام کی تنصیب ضروری ہے، پی آئی اے تمام ذرائع خصوصا سوشل میڈیا پر بھی مہم چلا رہی ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن عبداللہ خان نے اپیل کی کہ تمام شہری اس مہم میں اپنا حصہ ڈالیں کیونکہ یہ صرف پی آئی اے کا مسئلہ نہیں جبکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔