Thursday, March 28, 2024

جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے ، بھارتی فوج کی خفت مٹانے کی ناکام کوششیں

جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے ، بھارتی فوج کی خفت مٹانے کی ناکام کوششیں
February 28, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) بھارتی فوجی حکام نے فوجی تنصیبات پر پاک فضائیہ کی بمباری کا رونا رویا لیکن دعوؤں کا کوئی ثبوت نہ دیا۔ پریس بریفنگ کے دوران بھارتی فوجی حکام نے فوجی تنصیبات پر پاک فضائیہ کی بمباری کا الزام لگایا اور ثبوت دینے کی بجائے ذمہ داری حکومت پر ڈال دی۔ بھارتی عسکری حکام پاک فضائیہ کے بمبوں کے ٹکڑے دکھا دکھا کر دھوکہ دینے کی کوشش کرتے رہے، حالانکہ پاک فضائیہ نے انکار نہیں کیا تھا کہ انہوں نے بم نہیں گرائے بلکہ پاکستان کی عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ بمباری فوجی تنصیبات سے محفوظ فاصلے پر کی گئی ، اگر ہم محفوظ فاصلے پر بمباری کر سکتے ہیں توتنصیبات کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں ۔ دہشت گردوں کو مارنے کے ثبوت مانگنے پر بھی بھارتی عسکری قیادت ناکام رہی اور بالاکوٹ حملے میں ہونے والے نقصان کے ثبوت بھی میڈیا کو نہ دیکھا سکے۔ صحافیوں نے کئی بار ثبوت دینے کے بارے میں سوال کیے لیکن بھارتی ایئروائس مارشل اپنی خفت مٹانے کے لیے کہتے رہے کہ حملہ کیا لیکن یہ پتہ نہیں کہ کتنا جانی نقصان ہوا اور تو اور دو دن سے پاکستانی ایف سولہ گرانے کا واویلا کرنے والے  ایف سولہ کرانے کا بھی کوئی ثبوت نہ دے سکے۔ جھوٹے مودی کی فوج بھی جھوٹی نکلی۔ بھارت کی کھسیانی عسکری قیادت میڈیا پر آکے جھوٹوں کے پل تو باندھتی رہی لیکن ثبوت کوئی نہ دے سکی۔