Thursday, May 9, 2024

جھنگ ، چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سرگودھا روڈ پر کئی دیہات زیرآب

جھنگ ، چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سرگودھا روڈ پر کئی دیہات زیرآب
August 31, 2020
جھنگ (92 نیوز) جھنگ میں چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث سرگودھا روڈ پر کئی دیہات زیرآب آ گئے۔ تحصیل احمدپور سیال کے کئی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہو گیا۔ دریائے چناب بپھر گیا، جھنگ میں سیلابی ریلا پچیس سے زائد دیہات میں داخل ہو گیا۔ وسیع رقبے پر کھڑی چاول، سبز چارہ اور کماد کی فصلیں متاثر ہونے لگیں۔ علاقہ مکینوں نے پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے پر نقل مکانی شروع کر دی ۔ انتظامیہ کے مطابق موضع پکے والا، پاتوآنہ، کھروڑا باقر، بلی حبیب، جوگیرہ، کچہ لکھنانہ سمیت پچیس سے زائد دیہات سیلاب سے متاثر ہیں۔ سرگودھا میں بھی دریائے چناب کی سطح میں اضافے کے بعد  مڈھ رانجھا کے مزید دیہات زیر آب آگئے۔ سیلابی پانی چک ابل، موری وال، تریڈیاں کے بعد چک سلیمان اور رام دیانہ میں بھی  داخل ہو گیا جس کے بعد علاقہ مکینوں نے محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 84 ہزار ریکارڈ کی گئی جبکہ پانی کی سطح میں اضافہ سے تحصیل جھنگ کے مزید علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔