Friday, April 19, 2024

جڑواں شہروں‘ سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن میں آج بارش کا امکان

جڑواں شہروں‘ سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن میں آج بارش کا امکان
January 3, 2016
لاہور (92نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہرجاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد‘ راولپنڈی، سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن سمیت بعض مقامات پرہلکی بارش کی پیش گوئی کردی جس سے خشک سردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے اکثرعلاقے خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں تاہم خوشی کی خبر یہ ہے کہ یہ لہر آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ختم ہوجائے گی کیونکہ محکمہ موسمیات نے بالائی پنجاب میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بارش کی پیش گوئی کردی ہے جس سے جڑواں شہروں، سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن کے شہریوں کی موسمی پریشانیاں کم ہونے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا ، گلگت ، بلتستان اورکشمیر کے علاقوں میں بھی اتوارکے روز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائےگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور ژوب کے علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہلکی دھند پڑنے کا سلسلہ جاری رہےگا۔