Friday, April 19, 2024

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں علی الصبح بوندا باندی نے موسم خوشگوار کر دیا

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں علی الصبح بوندا باندی نے موسم خوشگوار کر دیا
July 21, 2021

اسلام آباد (92 ن نیوز) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد علی الصبح بوندا باندی نے موسم خوشگوار کر دیا۔ آزاد کشمیر، مری اور گلگت بلتستان میں بھی بارش برسی۔

بادلوں نے ملک کے بیشتر علاقوں کو لپیٹ میں لے رکھا ہے تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں صبح سویرے بارش ہوئی جس سے موسم قدرے خوشگوار ہو گیا۔ شہری نماز عید کیلئے ادائیگی کیلئے گھروں سے نکلے تو آسمان پر گہرے بادلوں کا راج دکھائی دیا۔

ملکہ کوہسار مری میں بوندا باندی سے موسم کے تیور بدل گئے۔ آزاد کشمیر کا دارلحکومت مظفرآباد باد بادلوں سے ڈھکا ہوا ہے۔ سورج نظر آنے کی کوشش کرتا ہے لیکن پھر اوٹ لے لیتا ہے۔ گلگت بلتستان میں بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

موسم کا حال بتانے والے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید بھیگی بھیگی اور ٹھنڈی گزرے گی۔

 ادھر لاہور،فیصل آباد ،جھنگ ،چنیوٹ اور پیرمحل میں بادل کھل کر برسے۔ گوجرانوالہ ،ملتان اور چیچہ وطنی میں بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ پنڈ دادنخان اور گلگت بلتستان  میں ندی نالوں میں طغیانی سے سڑکیں بہہ گئیں۔ چھتیں گرنے کے واقعات میں چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔