Sunday, May 5, 2024

جڑواں شہر پھر مافیا کے قبضے میں ، ماسک، سینیٹائزر ، گلوز مہنگے

جڑواں شہر پھر مافیا کے قبضے میں ، ماسک، سینیٹائزر ، گلوز  مہنگے
June 17, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) جڑواں شہر پھر مافیا کے قبضے میں آگئے ،  ماسک، ہینڈ سینٹائزر اور گلوز کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔

کورونا کے بیمار منافع خوروں کے ہاتھوں خوار ہونے لگے ، ناجائز منافع خوروں نے وبا کے دوران بھی  روش نہ بدلی ۔ راولپنڈی اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تو ایک مرتبہ پھر ماسک، ہینڈ سینٹائزر اور گلوز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

سرجیل ماسک جو 10 روپے میں بکتا تھا ،25 سے 30 روپے  میں فروخت ہونے لگا ، 300 والا کے این 95 ماسک 800 روپے  ، این 95 ماسک 2500 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

شہری کہتے ہیں کہ جڑواں شہروں میں انتظامیہ عملی طور ناکام ہوگئی ہے ، حفاظتی سامان کی قلت نہیں بلکہ مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے مصنوعی کمی کر کے چیزیں مہنگی بیچی جا رہی ہیں ۔

شہری کہتے ہیں کورونا کی وبا کے بعد انتظامیہ جب حرکت میں آئی تھی تب حفاظتی سامان کی قیمتیں کم ہوگئیں تھی ، راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ سے ایک مرتبہ پھر کریک ڈاون کا مطالبہ کردیا۔