Thursday, April 25, 2024

جوہری معاہدے پر بات نہیں ہو گی‘ امریکہ خطے میں عدم توازن کی پالیسیاں نہ اپنائے : مشیرخارجہ

جوہری معاہدے پر بات نہیں ہو گی‘ امریکہ خطے میں عدم توازن کی پالیسیاں نہ اپنائے : مشیرخارجہ
October 18, 2015
اسلام آباد (92نیوز) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے دوران جوہری معاہدے پر بات نہیں ہوگی۔ امید ہے پاکستان کو بھی بھارت کے ساتھ ہی نیوکلیئر سپلائر گروپ کا رکن بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق مشیر امورِخارجہ سرتاج عزیز کا کہناہے کہ امریکہ کے بھارت سے اچھے تعلقات پراعتراض نہیں لیکن وہ خطے میں عدم توازن کی پالیسیاں نہ اپنائے۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران جوہری معاہدے پر بات نہیں ہوگی۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دورہ امریکہ میں بھارت سے تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں اور افغانستان میں امن کی بحالی پر بات کریں گے۔ امریکہ سے تعلقات کو فروغ دیا جائے گا لیکن دونوں ملکوں میں جوہری معاہدے پر بات نہیں ہوگی۔ سرتاج عزیزنے واضح کیا کہ امریکہ بھارت کے ساتھ جیسے چاہے تعلقات رکھے لیکن ایسے اقدامات کرنے سے گریز کرے جن کے نتیجے میں خطے کی سالمیت کو خطرات لاحق ہو جائیں۔ پاکستان بھارت سے اچھے تعلقات چاہتا ہے اس لئے امریکہ خطے میں عدم توازن پیدا نہ ہونے دے۔ افغانستان میں امریکی فوج کے قیام کی مدت میں اضافے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے جو بھی اقدامات کئے جائیں گے پاکستان ان کی حمایت کرے گا۔ سرتاج عزیزنے قندوز میں پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اہلکار کی موجودگی کے الزامات کو یکسرمستردکردیا۔