Friday, May 17, 2024

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد حامد خان نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کو نااہل قرار دیدیا

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد حامد خان نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کو نااہل قرار دیدیا
July 26, 2015
لاہور(92نیوز)جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد تحریک انصاف میں اختلافات سامنے آ گئے حامد خان نے لیگل ٹیم کو نا اہل قرار دے دیا، اورجسٹس وجیہہ سے خود انکوائری کرنے کا مطالبہ کر دیا،حامد خان نے جہانگیر ترین پر پارٹی کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی لگا دیا ۔ تفصیلات کےمطابق جوڈیشل انکوائری  کمیشن  نے اپنی رپورٹ میں دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات کو قانونی اور جائز قرار دیا تو دھاندلی کے بارے میں تحریک انصاف کے  موقف کو شدید دھچکا پہنچا جس کے اثرات  پارٹی پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے  جہاں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو پارٹی کے لیے شرمندگی کا باعث قرار دیا وہاں عمران خان کے قریبی ساتھی  جہانگیر ترین پر بھی  الزامات کی بوچھاڑ کر دی ۔ نائینٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حامد  خان نے کہا کہ  تحریک انصاف کی لیگل ٹیم  نااہل تھی  وہ جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے متعلق ایسےشواہد بھی پیش نہیں کر سکی جو پارٹی کے پاس  موجود تھے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بات کی انکوائری ہونی چاہیے کہ کن لوگوں کی نااہلی کی وجہ سے پارٹی کو شرمندگی اٹھانا پڑی ۔ جسٹس وجیہہ کو خود یہ انکوائری کرنی چاہیے ۔ تحریک انصاف کے رہنما اپنی پارٹی کے ایک اور اہم لیڈر جہانگیر ترین پر بھی خوب برسے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور ان کے ساتھی مشرف کی گود سے اٹھ کر آئے ہیں انہوں نے جمہوریت اور عدلیہ کو نقصان پہنچایا۔ حامد خان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی گود سے آنے والے سیاسی جماعتوں کو برباد کرتے ہیں  اور پھر پارٹی چھوڑ کر چلے جاتے ہیں ۔