Saturday, April 27, 2024

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر سیاستدانوں کا ملا جلا ردعمل

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر سیاستدانوں کا ملا جلا ردعمل
July 23, 2015
اسلام آباد(92نیوز)دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کہتے ہیں  کہ حکومت اور تحریک انصا ف کو رپورٹ تسلیم کر لینی چاہیے، سراج الحق کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن  کی سفارشات پر عمل ہوا توآئندہ الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں کر سکے گا۔ تفصیلات کے مطابق دوہزار تیرہ کے عام انتخابات دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ  پراپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ حکومت اور پی ٹی آئی کو تسلیم کر لینی چاہیے،رپورٹ منظر عام پر آنے سے فریقین کے شکوک وہ شہبات دور ہو جائیں گے،حکومت جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جلد پارلیمنٹ میں پیش کرے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نائنٹی ٹونیوزسے گفتگومیں کہا کہ  رپورٹ قبول کرنا یا نہ کرنا  تحریک انصاف کا اپنا فیصلہ ہے،جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل ہونے سے  آئندہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوگی۔ سینیٹر اعتراز احسن کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کی سیل بند رپورٹ کی تشہیر غیر قانونی ہے،فریقین کو رپورٹ نہیں ملی جبکہ میڈیا پر تشہیر کی جا رہی ہے،فریقین کو رپورٹ فراہم نہ کرنے پر احتجاج کریں گے۔ کمیشن رپورٹ پرسینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جو فیصلہ آیا ہے اسی کی توقع کی جا رہی تھی عمران خان کسی کے کہنے پر پورے نظام کو اڑانا چاہتے تھے،جوڈیشل کمیشن پر سب سیاسی جماعتیں متفق تھیں،عمران خان سے کہہ دیا تھا کہ آپ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو برباد کر رہے ہیں، شیخ رشید اب کسی اورلیڈرکے کان بھریں۔