Friday, April 19, 2024

جوڈیشل کمیشن نے بدھ کی کارروائی سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا

جوڈیشل کمیشن نے بدھ کی کارروائی سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا
April 30, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)عام انتخابات 2013 میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے بدھ کی کارروائی سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا۔ جوڈیشل کمیشن کی طرف سے جاری کردہ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم ،پی ٹی آئی،بی این پی ،پیپلزمسلم لیگ ،ایم ڈی ایم ،پی ایم ایل کیو نے جوڈیشل کمیشن کی طرف سے اٹھائے گیے  تین سوالات کا جواب دیا ۔ الیکشن کمیشن کو درخواست گزاروں کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا دو روز میں جواب دینے کا کہا گیا،پیپلزمسلم لیگ کی طرف سے پی پی پر لگائے گئے الزامات پراعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کو بھی دو دن میں جواب دینے کا کہا گیا ۔ پی ٹی آئی جن گواہان کو طلب کرنا چاہتی ہے ان کی فہرست دو مئی تک فراہم کر دے ،حکم نامہ میں مزید بتایا گیا کہ پی ٹی آئی جن کو بلانا چاہتی ہے ان کو پانچ مئی کو دن ایک بجے طلب کیا جائے گا جبکہ پی ٹی آئی کے اپنے گواہان کو پانچ مئی کو صبح ساڑھے گیارہ بجے پیش کرے ۔ پی پی کے اعتزاز احسن نے گواہان کی فہرست پیش کرنے سے معذرت کی ،اعتزاز احسن نے ووٹوں کے تھیلے کھولنے کی بات پرزور دیا آئندہ سماعت سے قبل اعتزازاحسن حلقوں کی فہرست فراہم کردیں جن کی وہ تحقیقات کرانا چاہتے ہیں۔ اعتزازاحسن جن حلقوں کی نشاندہی کریں گے وہاں سے جیتنے والے امیدواروں کو نوٹس جاری کیا جائے گا،کمیشن کی آئندہ سماعت پانچ مئی کوہوگی۔