Sunday, May 19, 2024

جوڈیشل کمیشن میں 36 واں پنکچر سامنے آیا  جس نے سارے انتخابی عمل کی ٹیوب اور ٹائر کو پھاڑ دیا  : عمران خان

جوڈیشل کمیشن میں 36 واں پنکچر سامنے آیا  جس نے سارے انتخابی عمل کی ٹیوب اور ٹائر کو پھاڑ دیا  : عمران خان
June 12, 2015
اسلام آباد(92نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے روبرو ایک 36واں پنکچر بھی سامنے آیا ہے جس نے سارے انتخابی عمل کی ٹیوب اور ٹائر کو پھاڑ دیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کی اب تک کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک  کروڑ سترہ  لاکھ فالتو بیلٹ پیپرز چھاپے گئے،،20 ہزار فارم 15 غائب ہونے کا مطلب ہے کہ ڈھائی کروڑ بیلٹ پیپرز غائب ہیں۔ خواجہ سعد رفیق ،حمزہ شہباز،کیپٹن صفدراور خرم دستگیر کے حلقوں میں لاکھوں فالتو بیلٹ پیپرز بھجوائے گئے۔ عمران خان نے کہا کہ اگر فارم پندرہ نہیں ملتے تو انگوٹھوں کی تصدیق اور یو این ڈی پی کے فراہم کردہ آر ایم ایس سسٹم سے بھی دھاندلی کا پتہ چل سکتا تھا، مگر نادرا کے پاس انگوٹھے چیک کرنے والی مشین ہی نہیں، جبکہ  آر ایم ایس سسٹم نے انتخابات کی رات نواز شریف کے خطاب کے بعد کام کرناچھوڑ دیا۔ عمران  خان کا کہنا ہے کہ  اگر انکوائری کمیشن نے انتخابات کو درست قراردے دیا تو وہ اسمبلی چلے جائیں گے،اور  دھاندلی ثابت ہو ئی تو دوبارہ انتخابات  میں حصہ  لے کر ہی اسمبلی جائیں گے۔