Friday, May 17, 2024

جوڈیشل کمیشن : ق لیگ،جماعت اسلامی،بی این پی عوامی اور ن لیگ کے دلائل مکمل

جوڈیشل کمیشن : ق لیگ،جماعت اسلامی،بی این پی عوامی اور ن لیگ کے دلائل مکمل
July 2, 2015
اسلام آباد(92نیوز)عام انتخابات میں دھاندلی کی  انکوائری کرنے والےکمیشن میں ق لیگ ، جماعت اسلامی بی این پی عوامی اور ن لیگ نے اپنے دلائل مکمل کر لئے، ن لیگ کے وکیل شاہد حامد نے کمیشن میں کہا کہ دوہزار تیرہ  الیکشن میں  بد نظمی ہوئی اسے دھاندلی قرار دے کر الیکشن کالعدم کرنے کا مطالبہ غلط ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیشن کی کارروائی ہوئی جس میں آج 4  سیاسی جماعتوں نے اپنے دلائل مکمل کیے۔ ق لیگ کے وکیل خالد رانجھا نے اپنے دلائل سمیٹتے ہوئے کہا کہ جج صاحبان برا نہ مانیں تو ہمیں وکیل نہیں عام آدمی سمھجھ کر سنیں الیکشن خواہ کتناہی شفاف کیوں ہوا ہو مگر عام آدمی یہ کہہ رہا ہے کہ کچھ تو غلط ہوا ہےجس کی تفتیش ہونی چاہیئے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے وکیل نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان  عبدالمالک بلوچ کو جتوانے کے لیے الیکشن نہیں سلیکشن ہوا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم  خرابی موسم کے باعث اسلام آباد نہیں پہنچ سکے،جس پر ایم کیو ایم کے سینٹرمیاں عتیق کا کہنا تھا کہ کمیشن ان کی جماعت کے تحریری بیان کو ہی حتمی دلائل سمجھے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہد حامد نے انکوائری کمیشن میں اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں انتظامی بے ضابطگیاں ضرور ہوئیں لیکن اس میں نہ بد نیتی شامل تھی نہ ہی کوئی سیاسی پلاننگ پر مبنی دھاندلی۔ شاہد حامد نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 42 فیصد سے زائد فارم پندرہ غائب ہوئے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد صرف 28 اعشاریہ 8 فصد تھی۔ یہاں کے پریزائیڈنگ آفیسرز کی کارکردگی دوسرے صوبوں سے بہتر تھی۔ کل انکوائری کمیشن میں الیکشن کمیشن کے وکیل سلمان اکرم راجا اپنے حتمی دلائل دیں گے، جبکہ تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیزادہ نے ایک بار پھر کمیشن کے سامنے مختصر دلائل دینے کے لیے وقت مانگا ہے۔