Thursday, May 9, 2024

جوڈیشل کمپلیکس سب کیلئے کھلا ہے ، آئندہ کسی کو نہ روکا جائے ، اسلام آباد ہائیکورٹ

جوڈیشل کمپلیکس سب کیلئے کھلا ہے ، آئندہ کسی کو نہ روکا جائے ، اسلام آباد ہائیکورٹ
October 5, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) احتساب عدالت میں رینجرز تعیناتی کے معاملے پراسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا ہے کہ کس کے حکم پر لوگوں کو روکا گیا؟۔ جوڈیشل کمپلیکس سب کےلئے کھلا ہے۔آئندہ کسی شہری کو داخلے سے نہ روکا جائے۔
دواکتوبر کو رینجرز کی جانب سے حکومتی نمائندوں ،سیاسی رہنماﺅں اور وکلاءکو احتساب عدالت میں داخلے سے روکنےکے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ 2اکتوبر کو انہیں جوڈیشل کمپلیکس میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔وکیل مختلف مقدمات میں پیش ہونے کےلئے عدالت جاتے ہیں۔۔عدالت کے اندر اور عدالت کے باہر قانون کو سامنے رکھ کر فیصلے کئے جائیں۔آئندہ سماعتوں پر کسی بھی عدالت میں داخلے پر پابندی نہ لگائی جائے۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ رینجرز نے کس کے حکم پر لوگوں کو احتساب عدالت میں جانے سے روکا۔ وکلاءکے وقار کو ہرصورت برقرار رکھا جائے۔عدالت نے ضلعی انتظامیہ آئندہ ایسی حرکتوں سے بازرہنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ کسی بھی شہری کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے سے نہ روکا جائے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں امن وامان اور کیس کی سماعت کےلئے آنے والوں کے لئے سہولتیں فراہم کی جائیں۔