Wednesday, April 24, 2024

جوڈیشری کو سکیورٹی خطرات لاحق ہیں: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

جوڈیشری کو سکیورٹی خطرات لاحق ہیں: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
February 27, 2017

لاہور (92نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم حالت جنگ میں ہیں۔ سکیورٹی اداروں نے آگاہ کیا ہے کہ جوڈیشری کو سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، ہائی کورٹ میں سائلین کے لئے الگ گیٹ مختص کیا جائے گا، دو سے زائد سائلین کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی زیرصدارت سکیورٹی اقدامات سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب، رینجرز حکام سمیت اعلی پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد چیف جسٹس منصور علی شاہ نے خطاب میں کہا کہ سکیورٹی اداروں کی ہدایات کے مطابق ہائی کورٹ میں موجود ملازمین سے کوارٹرز خالی کروائے گئے ہیں۔

ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ملازمین کو کوارٹرز دیئے جائیں۔ چیف جسٹس نے ہائی کورٹ بار کے انتخابات پر سکیورٹی کے بہتر انتظامات کرنے پر رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں۔

چیف جسٹس نے بتایا  کہ ہائیکورٹ کے لئے سکیورٹی پلان ترتیب دے رہے ہیں۔ اس موقع پر آئی پنجاب، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز بھی چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔