Saturday, April 20, 2024

جونیئر افسر نے استقبال کیوں کیا ؟ سائیں کا وزیراعظم سے شکوہ: اندرونی کہانی

جونیئر افسر نے استقبال کیوں کیا ؟ سائیں کا وزیراعظم سے شکوہ: اندرونی کہانی
December 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات کی اندرونی کہانی کا 92 نیوز نے پتہ چلا لیا۔ جونیئر افسر کے استقبال کرنے پر قائم علی شاہ کا شکوہ‘ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈی جی رینجرز نے اسمبلی کی قرارداد کو تسلیم کیا تو وفاق کو کیا مسئلہ ہے؟ رینجرز اخراجات پر چودھری نثار نے اعداد و شمار سے سائیں کو چپ کرا دیا۔ سائیں نے رینجرز اختیارات پر اسمبلی کی قرار داد اور آرٹیکل 147 کا حوالہ دیا تو چودھری نثار بھی اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ وزیر اعظم نے سائیں سرکار کو تسلیاں دے کر رخصت کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ صوبائی وزراءکے ہمراہ ملاقات کے لئے پہنچے تو جونیئر افسر کے استقبال پر ناراضگی کا اظہار کیا اور وزیر اعظم سے بھی شکوہ کر ڈالا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات شروع ہوئی تو سائیں نے رینجرز اختیا رات اور آئین کے آرٹیکل 147 کا ذکر چھیڑا تو چودھری نثار علی خان کہاں خاموش رہنے والے تھے۔ بولے کہ رینجرز کے اخراجات وفاق برداشت کرتا ہے اور ہم آئین و قانون کے مطابق ہی کام کرتے ہیں۔ معاملہ طول پکڑنے لگا تو وزیر اعظم نے مداخلت کی۔ کہنے لگے سائیں آپکے تحفظات دور کریں گے۔ چودھری صاحب آئندہ ہفتے کراچی آئیں گے اور آپ سے مل کر شکایات دور کریں گے۔ سائیں بولے کہ ڈی جی رینجرز نے اسمبلی کی قرار داد کو تسلیم کیا تو وفاق کو کیا مسئلہ ہے؟ چودھری نثار کہنے لگے کہ مسئلہ انا کا نہیں آئین و قانون کا ہے۔ سائیں قائم علی شاہ نے پیسوں کا تذکرہ چھیڑا تو وزیر داخلہ نے اعدادو شمار پیش کئے تو سائیں خاموش ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر عاصم کی بے گناہی پر تمہید باندھی تو وزیر اعظم کہنے لگے عدالتیں آزاد ہیں‘ مداخلت نہیں کر سکتا۔ وزیر اعظم نے صاف صاف کہہ ڈالا کہ کراچی آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا تاہم تحفظات پر بات چیت ضرور کریں گے۔