Monday, September 16, 2024

جون تک 15 ہزار مالیت کا پاکستانی اسٹنٹ تیار ہونے کی نوید

جون تک 15 ہزار مالیت کا پاکستانی اسٹنٹ تیار ہونے کی نوید
January 29, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ میں ڈاکٹرمرتضیٰ نے جون تک 15 ہزار مالیت کا پاکستانی اسٹنٹ تیار ہونے کی نوید سنا دی ۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے غیر معیاری اسٹنٹ پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔
دوران سماعت چیف جسٹس کے استفسار پر ڈاکٹر مرتضی نے رواں سال جون تک 15 ہزار مالیت کا پاکستانی اسٹینٹ تیار ہونے کی نوید سنائی ۔
چیف جسٹس نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریض کی مجبوری سے فائدہ اٹھانا استحصال ہے، عام آدمی کو صحت کی اچھی اور سستی سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔
ادھر ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے عدالت کو بتایا کہ 72 اب تک اسٹنٹ کمپنیز کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے ۔ مارکیٹ میں اس وقت 70 ہزار کا اسٹنٹ ایک لاکھ دس ہزار میں فروخت ہو رہا ہے ۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عوامی مفاد کے معاملےمیں ادھر ادھر کے چکر نہیں چلیں گے ۔ اسپتالوں میں بہتری لانے کیلئے رضاکار چائیں، کسی کی کمزوری اور بیماری کا فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیںگے ۔
دوسری طرف سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے پانچ سرکاری و نجی اسپتالوں کو نوٹسزجاری کرتے ہوئے گزشتہ تین ماہ میں ڈالے گئے اسٹنٹ اور انکی قیمت کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ۔
عدالت نے پی آئی سی لاہور، آر آئی سی ، آغا خان اور این آئی سی کراچی کے سربراہان کو بھی طلب کرتے ہوئے سماعت ہفتے کے روز تک ملتوی کر دی ۔