Thursday, April 18, 2024

جون ایلیا کے مداح آج ان کی 88 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

جون ایلیا کے مداح آج ان کی 88 ویں سالگرہ منا رہے ہیں
December 14, 2020

کراچی (92 نیوز)اردو شاعری کا بڑا نام جون ایلیا کے مداح آج ان کی اٹھاسویں سالگرہ منارہے ہیں ، جون ایلیا اپنے منفرد انداز بے ساختہ لہجے اور رومانوی غزلوں کی وجہ سے آج بھی دلوں میں زندہ ہیں۔

میں بھی بہت عجیب ہوں  اتنا عجیب ہوں  کہ بس

خود کوتباہ کرلیا اور ملال بھی نہیں

چھوٹی بحر کے بڑے شاعر ، تیکھے بدن کے بڑے آدمی ،   انوکھے انداز سے ہر ایک کو اپنا کرنے والے جون ایلیا سے کون واقف نہیں، جون ایلیا نے محض آٹھ برس کی عمرمیں پہلی نظم کہی،  وہ لفظوں کو حکم دیتے اور کیفیات کی انگلی تھامے لفظ یوں یکجا ہوتے کہ شاہکار جنم لیتے  ۔

جون صرف ایک شاعر ہی نہیں وہ ایک فلسفی نقاد ادیب سوانح نگار اور مترجم بھی تھے اور نہ صرف اردوبلکہ انگریزی عربی فارسی سنسکرت اور عبرانی زبان میں بھی کمال مہارت رکھتے تھے ۔

غیر معمولی شخصیت کے حامل جون ایلیا 8 نومبر 2002 کو طویل علالت کے بعد دار فانی سے کوچ کرگئے، انہوں نے لفظوں کو کیفیات کے ساتھ یوں بنا کہ دنیا آج بھی ان لفظوں کے سحر میں مبتلا ہے ، کیا ہی خوب کہاتھا جون نے ۔

’’ہم حسین ترین امیر ترین ذہین ترین اور زندگی میں ہر حوالے سے بہترین ہوکر بھی بالآخر مر ہی جائیں گے ‘‘۔