Thursday, April 18, 2024

جوبائیڈن کے صدر بننے کے بعد امریکا اور چین کے درمیان پہلے باضابطہ مذاکرات

جوبائیڈن کے صدر بننے کے بعد امریکا اور چین کے درمیان پہلے باضابطہ مذاکرات
March 19, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) جوبائیڈن کے صدر بننے کے بعد امریکا اور چین کے درمیان پہلے باضابطہ مذاکرات ہوئے۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الاسکا کے شہر انکوریج میں چین اور امریکا کے اعلیٰ سطحی وفود کی ملاقات میں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی گئی۔

امریکی وفد کے سربراہ وزیر خارجہ انتونیو بلنکن نے کہا کہ امریکا کو ہانگ کانگ، تائیوان اور ژنجیانگ میں چینی اقدامات پر شدید تحفظات ہیں۔ چین کی جانب سے امریکا پر سائبر حملے اور اتحادیوں کیخلاف معاشی جبر بھی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا چینی اقدامات عالمی استحکام کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب چینی وفد کے سربراہ یانگ جِیچی نے امریکا کی اپنی عسکری طاقت اور مالی برتری کو دیگر ممالک پر دباؤ ڈالنے کیلئے استعمال کرنے پر کھل کر تنقید کی۔