Sunday, May 12, 2024

جوبائیڈن کی حلف برداری سے قبل واشنگٹن چھاؤنی کا منظر پیش کرنے لگا

جوبائیڈن کی حلف برداری سے قبل واشنگٹن چھاؤنی کا منظر پیش کرنے لگا
January 19, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی حلف برداری سے قبل واشنگٹن چھاؤنی کا منظر پیش کرنے لگا۔ کیپٹل ہل لاک ڈاؤن کی زد میں آ گیا۔ کسی شخص کو بغیر جانچ پڑتال شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔

امریکا میں اقتدار کی منتقلی میں ایک روز باقی رہ گیا۔ واشنگٹن ڈی سی میں تیاریاں اور سکیورٹی انتظامات بھی حتمی مرحلے میں داخل ہو گئے۔ نیشنل مال گراؤنڈ کو پرچموں سے سجا دیا گیا۔

ٹرمپ انتظامیہ کے کئی افسران نے وائٹ ہاوس چھوڑ دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ دور صدارت کے آخری روز آج ایک تقریب کے دوران 100 سے زائد افراد کیلئے معافی کا اعلان کریں گے جن میں وائٹ کالر مجرمان بھی شامل ہیں۔

امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ امریکیوں کی خدمت اعزاز کی بات ہے۔ تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کی کمیونی کیشن ڈائریکٹر کا کہنا ہے بائیڈن حلف برداری کے بعد اپنے افتتاحی خطاب میں مثبت اور اُمید پر مبنی ویژن پیش کریں گے۔ معاشرے میں پیدا ہونے والی نفرت اور تفریق کو ختم کرنے پر بھی زور دیں گے۔

دوسری جانب امریکی دارالحکومت تقریب حلف برداری سے قبل ہی فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہو چکا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں 25 ہزار سے زائد نیشنل گارڈز تعینات ہیں۔ ان فوجیوں کی سکریننگ بھی کی گئی ہے۔