Thursday, March 28, 2024

جوبائیڈن کوقومی سطح پر ٹرمپ پر7پوائنٹس کی برتری حاصل

جوبائیڈن کوقومی سطح پر ٹرمپ پر7پوائنٹس کی برتری حاصل
November 2, 2020

واشنگٹن(92 نیوز) منگل کو ہونے والے صدارتی الیکشن سے قبل اس وقت امریکا کے طول و عرض میں کیے جانے والے عوامی جائزوں کی بنا پر امیدوار صدرڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے جیتنے کے امکانات کو پرکھا جا رہا ہے۔ جوبائیڈن کوقومی سطح پر ٹرمپ پر7پوائنٹس کی برتری حاصل ہے ۔

امریکی انتخابات ٹرمپ جیتیں گے یا بائیڈن؟ پیش گوئیوں کا بازار گرم ہوگیا ، امریکی انتخابات کا نتیجہ پول کی بنا پر مرتب نہیں ہوتا لیکن ان پر بات چیت انتخابی گفتگو کا اہم موضوع ہے۔حالیہ مختلف پول یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ڈیموکریٹک امیدوار بائیڈن کو قومی سطح پر صدر ٹرمپ پر سات پوائنٹس کی برتری ہے۔زیادہ تر امریکی ریاستیں اپنا وزن ایک سیاسی جماعت کے پلڑے میں ڈالتی ہیں۔ لیکن تقریباً ایک درجن کے قریب سوئنگ اسٹیٹس الیکشن کے نتیجے پر فیصلہ کن انداز میں اثرانداز ہوتی ہیں۔

سوئنگ ریاستوں میں بائیڈن کو چار پوائنٹس کے ساتھ معمولی برتری حاصل ہے۔صدر ٹرمپ پر امید ہیں کہ وہ 2016 کی طرح اس بار بھی سوئنگ ریاستوں میں کامیابی حاصل کر کے الیکٹورل ووٹوں کے ذریعے پھر جیت جائیں گے۔ وہ ان فیصلہ کن سوئنگ ریاستوں کے حوالے سے پر امید ہیں جن میں پینسلوینیا، مشی گن اور وسکانسن شامل ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کے لیے لازمی ہے کہ وہ پینسلوینیا اور فلوریڈا جن کے بالترتیب 20 اور 29 الیکٹورل ووٹ ہیں وہ وہاں کامیابی حاصل کریں۔ماہرین کے مطابق صدر ٹرمپ کے اس الیکشن میں جیتنے یا ہارنے کا تعلق اس بات پر ہے کہ ووٹر اہم ترین مسائل پر کیا سوچتے ہیں۔ ان معاملات میں کورونا وبا شامل ہے۔