Tuesday, April 23, 2024

جوبائیڈن امریکی تاریخ کے بد ترین صدارتی امیدوار ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ

جوبائیڈن امریکی تاریخ کے بد ترین صدارتی امیدوار ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ
October 14, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) امریکا میں صدارتی انتخابات کی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ، ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا اور جوبائیڈن  فلوریڈا جا پہنچے ۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ جیتنے کیلئے اس وجہ سے بھی دباؤ کا شکار ہیں کہ جو بائیڈن امریکی تاریخ کے بد ترین صدارتی امیدوار ہیں، اُدھر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ یہ تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں ،امریکا کو ایسے صدر کی ضرورت ہے جو لوگوں کا مرہم بنے اور انہیں متحد کرے۔

امریکی صدرارتی انتخابات میں 20 دن رہ گئے ، ووٹرز کو رام کرنے کیلئے الزام تراشی سے وعدوں اور دعوؤں تک ہر موضوع ٹرمپ اور بائیڈن کی تقاریر کا حصہ بن گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا کے شہر جونز ٹاؤن میں انتخابی ریلی سے خطاب کیا ، ٹرمپ نے کہا کہ ان کے دور میں امریکی انتظامیہ نے جتنا کام کیا ، اتنا تاریخ میں کبھی کسی نے نہیں کیا ،تاہم انہوں نے ابھی اس سے بھی بہتر کرنا ہے۔

خواتین سے حمایت کی خصوصی درخواست کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جیتنے کیلئے اس وجہ سے بھی دباؤ کا شکار ہیں کہ جو بائیڈن امریکی تاریخ کے بدترین صدارتی امیدوار ہیں ، اگر وہ بائیڈن سے ہار گئے تو یہ ناقابل یقین اور شدید ناگواری کا باعث ہو گا۔

اُدھر ایک ماہ میں تیسری بار فلوریڈا کا رخ کرنے والے جو بائیڈن نے پیمبروک پائنزمیں بزرگ شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ آپ کو کسی کام کا نہیں سمجھتے، آپ ٹرمپ کیلئے قابل فراموش اور بے وقعت لوگ ہیں، ٹرمپ جس سینیئر سیٹیزن کی فکر کرتے ہیں، وہ صرف خود ہی ہیں۔

ٹرمپ کے مدمقابل صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے میرامار میں ووٹر موبلائزیشن ایونٹ سے خطاب کیا اور کہا امریکا کو ایسے صدر کی ضرورت ہے جو لوگوں کا مرہم بنے اور انہیں متحدہ کرے، اگر وہ فلوریڈا میں جیت گئے تو ٹرمپ کی کہانی ختم ہو جائے گی۔

معاشی صورتحال کے حوالے سے گفتگو میں جو بائیڈن نے کہا کہ امریکی عوام کو اچھی نوکریوں اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے ، وبا کے دور میں  معاشی تنزلی کے باعث بہت سی خواتین کی نوکریاں ختم ہوئیں، ان کے پاس اس صورتحال سے ذمہ دارانہ انداز میں نمٹنے کیلئے منصوبہ موجود ہے۔