Thursday, April 18, 2024

جوبائیڈن 264 الیکٹورل ووٹ لیکر فتح کے قریب ، جیت کیلئے صرف 6 الیکٹورل ووٹ درکار

جوبائیڈن 264 الیکٹورل ووٹ لیکر فتح کے قریب ، جیت کیلئے صرف 6 الیکٹورل ووٹ درکار
November 6, 2020

واشنگٹن (92 نیوز)امریکی صدارتی انتخاب کیلئے مختلف ریاستوں میں ووٹوں اور پوسٹل بیلٹس کی گنتی جاری ہے ، ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن 264 الیکٹورل ووٹ لے کر فتح کے قریب ہیں ۔

امریکا پر حکمرانی کیلئے ری پبلکن امیدوار صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن میں کانٹے کامقابلہ جاری ہے ، اہم ترین ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے ، وائٹ ہاؤس کے اگلے مکین کا فیصلہ اب چند ریاستوں کے نتائج پر آکر ٹھہر گیا۔

امریکا کی 50 میں سے 46 ریاستوں کے نتائج آچکے ہیں جن4ریاستوں کے نتائج ابھی آنے ہیں وہی نئے صدر کا فیصلہ کریں گی  ۔ ان ریاستوں میں نیواڈا،پنسلوینا، نارتھ کیرولائنا اور جارجیا شامل ہیں۔ ٹرمپ ان تمام ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کوچیلنج کرچکے ہیں۔

اب تک کے نتائج کے مطابق شمالی ریاستوں مشی گن اور وسکانسن میں کامیابی کے بعد جوبائیڈن   264  الیکٹورل ووٹ جبکہ فلوریڈا، اوہائیو اور آئیئوا میں کامیابی سمیٹنے والے ٹرمپ 214 ووٹ لےچکےہیں۔

270کا ہدف پورا کرنے کیلئے جوبائیڈن کو صرف 6جبکہ ٹرمپ کو 56 الیکٹورل ووٹ درکارہیں۔اگر مذکورہ چاروں ریاستوں کےالیکٹورل ووٹوں کوجمع کریں توان کی تعداد57بنتی ہے، بظاہر کسی بھی ریاست میں کامیابی جوبائیڈن کو نیا صدر بنا سکتی ہے جبکہ ٹرمپ کو کرسی بچانے کے لیےتمام 57ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔

 لیکن اب تک ہونے والی گنتی کےمطابق ٹرمپ پینسلوینا، شمالی کیرلائنا اور جارجیا میں جوبائیڈن سے آگےہیں جبکہ جوبائیڈن کو6الیکٹورل ووٹوں والی ریاست نیواڈا میں ٹرمپ پر معمولی برتری کے ساتھ کڑے مقابلے کا بھی سامنا ہے۔