Sunday, September 8, 2024

جوا ... کسی کا نہ ہوا !!! امریکی پاور بال لاٹری سے کروڑ پتی بننے والے آج مفلس

جوا ... کسی کا نہ ہوا !!! امریکی پاور بال لاٹری سے کروڑ پتی بننے والے آج مفلس
January 12, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکہ میں مقبول پاور بال لاٹری کی انعامی رقم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے اور یہ شمالی امریکہ میں کسی بھی لاٹری کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں مقبول پاور بال لاٹری کی انعامی رقم ایک ارب ڈالر سے بڑھ چکی ہے۔ ماضی میں بڑی لاٹری جیتنے والوں کی اکثریت ہمیشہ کے لئے خوشحال نہیں رہی۔ نیو جرسی کی رہائشی ایولین ایڈمز نے انیس سو پچاسی اور انیس سو چھیاسی میں مسلسل دو سال لاٹری جیتی۔ دونوں لاٹریوں کی کل انعامی رقم پانچ اعشاریہ چار ملین ڈالر تھی۔ ایولین ایڈمز نے دو بار خوش نصیبی کو مستقل سمجھا اور ساری رقم لیکر اٹلانٹک سٹی کے جوئے کے اڈوں پر جا پہنچی۔ جوئے کی میزوں پر ساری رقم ہارنے کے بعد ایولین ایڈمز اب اب ٹریلر پارک میں مفلسی کی زندگی جی رہی ہے۔ جنوبی کوریا کی جینٹ لی نے انیس سو ترانوے میں اٹھارہ ملین ڈالر کی لاٹری جیتی اور اس کا بڑا حصہ سیاسی جماعت کو عطیہ کیا۔ جینٹ لی کو جوا کی مستقل لت تھی اور اس کے ساتھ ساتھ وہ مخیر بھی تھی بالآخر جینٹ بینک دیوالیہ ہو گئی۔ برطانیہ کے جوڑے لارا اور گرفتھس نے دو ہزار چھ میں ایک اعشاریہ آٹھ ملین ڈالر کی لاٹری جیتی۔ چھ لاکھ ستر ہزار ڈالر کا گھر خریدا‘ ایک پورشے کار لی‘ مزید دو جائیدادیں خریدیں تاکہ ان کے کرایہ سے روزمرہ اخراجات پورے کر سکیں لیکن چھ سال بعد وہ کنگال ہو گئے۔ انیس سو اکسٹھ میں برطانیہ کی ویوین نکلسن نے تین ملین ڈالر کی لاٹری جیتی اور شاپنگ کی حسرتیں پوری کیں‘ امریکا اور یورپ کی سیر کی۔ آج اس کی الماریاں ملبوسات سے بھری پڑی ہیں لیکن پرس خالی ہے۔ برطانیہ کے معمر جوڑے جارج اور بیرل کیٹس نے دو ہزار بارہ میں ساڑھے تین ملین پاﺅنڈ کی لاٹری جیتی۔ دس لاکھ پاﺅنڈ بیٹوں اور پوتے پوتیوں میں تقسیم کئے۔ اب بھی کچھ رقم انہوں نے پس انداز کر رکھی ہے اور لاٹری ٹکٹ خریدنا ان کا مشغلہ ہے۔