Friday, April 26, 2024

جو کھلاڑی صحیح پرفارمنس نہیں دے گا ،اس کو تبدیل کیا جائیگا ، وزیراعظم

جو کھلاڑی صحیح پرفارمنس نہیں دے گا ،اس کو تبدیل کیا جائیگا ، وزیراعظم
April 19, 2019

 اورکزئی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا جو کھلاڑی صحیح پرفارمنس نہیں دے گا ،اس کو تبدیل کیا جائیگا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پی ٹی آئی نے پاور شو کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا ٹیم کے اندر بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی، آئندہ بھی کروں گا۔ کبھی کبھی کپتان کو ٹیم کو جتوانے کیلئے تبدیلیاں کرنا پڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا جوکھلاڑی صحیح پرفارمنس نہیں دے گا ،اس کو تبدیل کیا جائیگا۔

عمران خان نے کہا وہ پہلے سیاستدان تھے جو بار بار کہتے رہے کہ پاک فوج کو امریکا کے کہنے پر قبائلی علاقوں میں نہ بھیجیں۔ قصور پاک فوج نہیں اس وقت کے حکمران کا تھا۔

وزیراعظم بولے اُس وقت کے حکمران کو قبائلی روایات کا علم ہی نہیں تھا۔ جو قبائلی علاقوں میں ہوا،باہر کے لوگ نہیں جانتے۔ ہمارے جوان بھی شہید ہوئے اور قبائلی علاقے کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔  قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان قبائلی علاقے کے لوگوں کی قربانیوں کو نہیں بھولے گا بلکہ مدد کریں گے۔ جنگ میں قبائل کے گھر تباہ ہوئے، جانی و مالی نقصان ہوا۔ جنگوں میں بے قصور لوگ بھی مارے جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے خطاب میں کہا پی ٹی ایم والے وہ بات کرتے ہیں جو میں 15سال سے کررہا تھا۔ پی ٹی ایم والے قبائیلیوں کی تکلیف کی بات کرتے ہیں۔ پی ٹی ایم والے بات ٹھیک کر رہے ہیں، مگر لہجہ ملک کیلئے ٹھیک نہیں۔

عمران خان نے کہا حکومت کا سب سے بڑا چیلنج نوجوانوں کو نوکریاں دینا ہے۔ نوجوانوں کو سود کے بغیر قرض دیں گے۔ ڈگری کالج میں تکنیکی مہارت سکھانی ہے۔ گھر میں بیٹھی خواتین کو آئی ٹی کے ذریعے روزگار دے سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو دوسرے شہروں میں جانے کی بجائے اپنے شہر میں روزگار ملے گا۔

 وزیراعلیٰ کے پی محمود خان بولے پختونوں کے حقوق کی اصل محافظ تحریک انصاف ہے، قبائلی عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرینگے۔