Tuesday, April 23, 2024

جو حالات کے مطابق یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں ، وزیراعظم

جو حالات کے مطابق یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں ، وزیراعظم
November 16, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جو حالات کے مطابق یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں۔ ہٹلر اور نپولین نے یوٹرن نہ لے کر تاریخی شکست کھائی۔ وزیراعظم عمران خان ڈٹ گئے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کسی صورت میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے شخص کو چیئرمین بنایا تو دنیا بھر میں ملک کا مذاق بنے گا۔ اسلام آباد میں کالم نویسوں سے گفتگو میں وزیراعظم نے نیب کی کاکردگی پر بھی سوال اٹھا دیا اور کہا نیب کو چھوٹے مقدمات کے بجائے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنا چاہئے۔ وزیراعظم نے احتساب قوانین میں ترمیم کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ عمران خان نے کہا بیرون ملک جائیدادوں کے انکشاف کے ساتھ ہی اپوزیشن کی تنقید بڑھ گئی۔ لوٹی دولت کی واپسی کیلئے مختلف ممالک سے معاہدے کر رہے ہیں۔ سوئٹزر لینڈ اور برطانیہ کے ساتھ معاہدہ ہو چکا۔ صرف دبئی میں پاکستانیوں کی 15 ارب ڈالرز کی جائیدادوں کا سراغ لگا لیا۔ ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا حالات کے مطابق یو ٹرن نہ لینے والا کبھی کامیاب لیڈر نہیں ہوتا بلکہ بے وقوف ہوتا ہے۔ نوازشریف نے عدالت میں یوٹرن نہیں لیا بلکہ جھوٹ بولا۔ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران معاہدوں کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا تاہم یقین دلایا کہ چین کی امداد سے پاکستان کی ادائیگیوں کا توازن بہتر ہو گا۔