Sunday, September 8, 2024

جو تعظیم ،ادب اور تکریم قائداعظم کو ایدھی نے دی کسی بھی پاکستانی نے نہیں دی : برطانوی صحافی

جو تعظیم ،ادب اور تکریم قائداعظم کو ایدھی نے دی کسی بھی پاکستانی نے نہیں دی : برطانوی صحافی
July 9, 2016
کراچی(92نیوز)عبدالستار ایدھی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئےہیں ، جو تعظیم ، ادب اور تکریم قائد اعظم کو عبدالستار ایدھی نے دی کسی بھی پاکستانی نے نہیں دی ، ان خیالات کا اظہار نامور برطانوی صحافی پیٹر ایلن اوبورن نے کچھ عرصہ قبل ڈیلی ٹیلی گراف میں عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے بارے میں کیا۔ برطانوی صحافی عبدالستار ایدھی کی شخصیت کے اور کون سے مخفی پہلو دنیا کے سامنے لائے اپنی صحافیانہ زندگی میں ملکوں کے صدور وزراء اعظم اور شہنشاہوں سے ملا ، پاکستانی سماجی کارکن عبدالستار ایدھی سے ملاقات سے قبل میں کبھی کسی درویش سے نہیں ملا تھا۔ زبردست الفاظ میں یہ خراج تحسین ایک برطانوی صحافی نے فخر پاکستان عبدالستار ایدھی کے لیے کچھ عرصہ قبل برطانیہ کے قدیم ترین اخبار ڈیلی ٹیلیگراف میں پیش کیا ۔ ڈیلی ٹیلی گراف سے منسلک رہے نامور صحافی پیٹر ایلن اوبورن کو جب ایدھی کی مقناطیسی شخصیت نے اپنی جانب کھینچا تو انہیں  ایدھی صاحب کی مافوق الفطرت کارنامے اور شخصیت کراچی کی قدیم آبادی کھارادر کھینچ لائی ، پیٹر اوبورن کے مطابق انہوں نے ایدھی سینٹر پر دو ہفتے گزارے۔ ایدھی کی کفایت شعاری سے بھرپورزندگی ان کے کھرے پن کی پہنچان ہے ۔ ایدھی صاحب نے ساری زندگی جسم پر کھدر کےمعمولی کپڑے اور سر پر قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے موسوم جناح کیپ سجائے رکھی ۔ اس برطانوی صحافی کا ماننا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو جو تعظیم، تکریم ، ادب اور شاندار خراج تحسین ایدھی کی طرف سے ملا شاید ہی کسی اور پاکستانی کی جانب سے ملا ہو۔ پیڑ ایلن اوبورن کے مطابق عبدالستار ایدھی کو اپنے کارکنان کو یہ نصحیت کرتے ہوے پایا کہ انسانی خدمت اس وقت ضائع ہوجاتی ہے جب ضرورت مندوں میں امتیاز برتا جائےایدھی کی ہمت، استقامت اور جدوجہد کودیکھتے ہوئے لندن میں انہیں پرکشش ملازمت کی پیشکش ہوئی مگر انہوں نے یہ کہہ کہ پیشکش ٹھکرا دی کہ "میں پاکستان کے لوگوں کے لیے کچھ کرنا چاہتا  ہوں " پیٹر ایلن اوبورن کے مطابق ایک شام جب سورج ڈھل رہا تھا میں نے ایدھی صاحب سے پوچھا کہ پاکستان کا مستقبل کیسا دیکھ رہے ہیں ایدھی صاحب نے جواب دیا "میں انقلاب کی پیش گوئی کرتا ہوں"۔