Tuesday, May 21, 2024

جو باتیں بھارت کی ڈس انفارمیشن لیب کر رہی تھی وہی پی ڈی ایم رہنما کر رہے ہیں، شبلی فراز

جو باتیں بھارت کی ڈس انفارمیشن لیب کر رہی تھی وہی پی ڈی ایم رہنما کر رہے ہیں، شبلی فراز
December 29, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ جو باتیں بھارت کی ڈس انفارمیشن لیب کررہی تھی ، وہی پی ڈی ایم رہنما کر رہے ہیں ، پراپیگنڈا بھارت سے ہو رہا تھا، آج یہی باتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہو رہی ہیں ۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت آئی تو پہلے دن سے ہی پراپیگنڈا شروع کر دیا گیا کہ حکومت ناکام ہو گئی ہے ، بھارت کی ڈس انفارمیشن لیب کا 15 سال سے مقصد پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنا تھا، ڈس انفارمیشن لیب کا اصل وژن ہم پی ڈی ایم کی صورت میں دیکھ رہے ہیں ۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ  کون حسین حقانی سے منسلک ہے  ، کیا کر رہ اہے اس کی رپورٹ ہمیں مل رہی ہے ، حکومت نے ان چیزوں کو سنجیدگی سے لیا اور مانیٹر کر رہی ہے ، جو باتیں مفتی کفایت اللہ نے کیں وہ شرمناک ہے ،  اس طرح کی گفتگو سے آپ دشمن کو خوش کر رہے ہیں ، جو باتیں یہاں ہوتی ہیں وہی بھارتی چینلز پر بریکنگ نیوز کے طور پر چل رہی ہوتی ہیں ۔آپ دانستہ یا غیر دانستہ طور پر  بھارت کے آلہ کار بن رہے ہیں ۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا اتحاداب کمزور ہوا  اور اس حالت میں پہنچ گیا ، ان کے اندر ٹوٹ پھوٹ ہو گئی ہے یہ  حکومت کو کیا گرائیں گے ۔ استعفوں اور جلاؤ گھیراؤ کی باتیں خود  ہی دم توڑ گئیں، پی ڈی ایم قصہ پارینہ  بن ہو گئی ۔

شبلی فرازنے کہا کہ سندھ حکومت نے کورونا ور گندم بحران کے دوران انتہائی خود غرضی کا مظاہرہ کیا ، آٹے کا بحران پیدا کر کے حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ۔ اس میں شک نہیں سندھ سمیت ملک بھر میں گیس کے مسائل ہیں ۔